خیبر پختونخوا پولیس کا صوبہ بھر میں واقع تمام تعلیمی اداروں کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان

تمام تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو عمارتوں کی دیواریں اونچی کرنے ، خاردار تاریں لگانے اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے احکامات جاری

اتوار 28 دسمبر 2014 18:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 28دسمبر 2014ء) خیبر پختونخوا پولیس نے صوبہ بھر میں واقع تمام تعلیمی اداروں کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے تحت تمام تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو عمارتوں کی دیواریں اونچی کرنے ، دیواروں کے اوپر خاردار تاریں لگانے اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں اس کے علاوہ پولیس کی جانب سے سکول عملے کے کچھ افراد کے موبائل فون میں ایک سافٹ ویئر (ایس اوایس) اگلے ہفتہ سے انسٹال کیا جا رہا ہے جس کے ذریعہ موبائل فون سے ایک مخصوص کوڈ والابٹن دبانے سے دس مقامات کوپیغام موصول ہوجائے گاجس پر پولیس فورس فوری طور پر ایکشن لینے کیلئے جائے وقوعہ پر پہنچ جائے گی جبکہ سکول چھٹی کے اوقات میں سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی دیں گے ،سکول کے ہاسٹلوں میں غیر متعلقہ افراد کی رہائش پر پابندی اور سکولوں کے قریب قائم کردہ نجی کار پارکنگ کو فوری طور پر ختم کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ایسے تمام افراد اورسکولوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی جو نئے تشکیل دیئے جانے والے سکیورٹی پلان اورقوانین پر عمل درآمد نہیں کریں گے اس سلسلہ میں صوبے بھر کے ڈی پی اوز اور آر پی اوز کواحکامات جاری کردیئے گئے ہیں موصول ہونے والے سکیورٹی پلان کے مطابق آرمی پبلک سکول اینڈ کالج ورسک روڈ پر ہونے والے حملہ کے بعد اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے محکمہ پولیس خیبر پختونخوا نے صوبہ بھر میں قائم تعلیمی اداروں کیلئے نیا سکیورٹی پلان مکمل کرلیا ہے سکیورٹی پلان کے مطابق پہلے مرحلے کے دوران ضلع پشاور کے سکولوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جارہا ہے پولیس کے اعلیٰ افسران نے ضلع پشاور کے تمام تھانوں کے ایس ایچ او اور ایس ڈی پی اوز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے علاقوں کے اندر واقع سکولوں کے چوکیدار وں اور سکیورٹی گارڈ کا اپنے تھانوں میں اندراج کرکے ان سے باقاعدہ طور پر رابطے میں رہے ،پرائیویٹ گاڑیوں کی مکمل طور پر تلاشی لینے کے بعد سکول کے اندر چھوڑ ا جائے گااور سکول کے اطراف میں پرائیویٹ گاڑیوں کی پارکنگ کو فوری طور پر ختم کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں سکیورٹی پلان کے مطابق غیر متعلقہ افراد کا سکول کے اند ر اور ہاسٹل میں داخلے اور رہائش پر سختی سے پابندی لگا دی گئی ہے تما م ایس ایچ اوز اور ڈی پی اوز کو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متعلقہ سکول پرنسپل سے مشاورت کے بعد رات کے اوقات میں سکیورٹی کا معائینہ لینے کیلئے رات کے اوقات میں اچانک سکول کا دورہ کرینگے تا کہ چوکیدار اور گارڈز کی ڈیوٹی کا اندازہ لگایا جا سکے سکول عملے کی حاضری اور شناخت کے ساتھ ساتھ وزیٹرز کی نقل و حرکت پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی سکول کے اطراف میں کسی بھی مشکوک شخص یا کاروائی کی صورت میں سکول انتظامیہ بر وقت ایس ایچ اوز اور ڈی پی اوز کومطلع کریں اس ضمن میں میونسپل حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سکول کے اطراف سے کوڑا کرٹ اور گندگی کے ڈھیر کی صفائی فورا یقینی بنائے اس کے علاوہ سکول سے متصل علاقوں میں رہائش پذیر افراد کا ڈیٹا حاصل کیا جائے گا جبکہ ہفتہ میں ایک بار سرچ آپریشن بھی منعقد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :