مستقل بنیادوں پر حل کرانے کے لئے فیڈر کی تنصیب پر کام تیز کر دیا جائیگا، امجد خان آفریدی

اتوار 28 دسمبر 2014 18:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 28دسمبر 2014ء)وزیر اعلی خیبر پختونخواکے مشیرکھیل،سیاحت،آثار قدیمہ اور امور نوجوانان امجد خان آفریدی نے اپنے حلقہ نیابت کے علاقہ کوٹ میں بجلی کے باربار ٹرپ ہونے اور کم وولٹیج کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرانے کے لئے فیڈر کی تنصیب پر کام تیز کر دیا جائیگااور اس کے لئے پہلے ہی مطلوبہ سامان کوہاٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح کوٹ میں گیس کا چار انچ کا پائپ لائن بچھادیا گیا ہے اور دو انچ اور سوا انچ پائپ کے لئے جاب نمبر ملتے ہی کام کا آغاز کر دیا جائے گا جس کے فورا بعد میٹروں کی تنصیب شروع ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ عظیم باغ میں علاقہ کوٹ کے عمائدین کے100رکنی وفد جس کی قیادت طارق اور اشراق کررہے تھے سے ملاقات کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

وفد کے ارکان نے اس موقع پر مشیر کھیل کو علاقے کو درپیش مسائل خصوصاگزشتہ دنوں واپڈا اہلکاروں کے ساتھ مقامی لوگوں کے جھڑپ اور تھانے میں غلط ایف آئی آر کے اندراج پر لوگوں میں پائی جانی والی بے چینی اور غم و غصہ سے آگاہ کیا اور کہا کہ اگر علاقے کے عوام کے ساتھ یہی سلوک روا رکھا گیا تو وہ راست اقدام پر مجبور ہوں گے ۔

امجد آفریدی نے کہا کہ بجلی سمیت کوئی بھی مسئلہ تصادم ،روڈ بلاک یا ہڑتالوں سے ھل نہیں ہو گا بلکہ اس کے لئے مناسب اقدامات ضروری ہو تے ہیں لہذا انہوں نے اس مسئلے میں بذات خود دلچسپی لے کر علاقے کے لئے فیڈر منظور کروایااور انہیں امید ہے کہ فیڈر کی تنصیب کے بعد بجلی کے با ر با ر ٹرپ ہونے ،کم وولٹیج اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا ۔

مشیر کھیل نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر و استقامت سے کام لیں اور تصادم کا راستہ نہ اپنائیں بلکہ قومی مسائل کے حل کے لئے سرکاری مشینری کے ساتھ مکمل تعاون کریں ۔ انہوں نے عمائدین کو یقین دلایا کہ ان کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی اور ان کے تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا ۔وفد کے ارکان نے علاقے کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر مشیر کھیل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے علاقے کی تعمیر وترقی کے لئے متحد ہونے اور سرکاری مشینری کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔