وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر محکمہ تعلیم پنجاب نے 500سکولوں کی باؤنڈری وال کی تعمیر کیلئے 1750ملین کے فنڈز جاری کر دئیے

اتوار 28 دسمبر 2014 18:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 28دسمبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے احکامات پر محکمہ تعلیم پنجاب نے 500سکولوں کی باؤنڈری وال کی تعمیر کیلئے 1750ملین کے فنڈز جاری کر دئیے ہیں جبکہ تعلیمی اداروں کو سیکورٹی خدشات کے پیش نظر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کیلئے 213ملین کی رقم مختلف اضلاع کے ای ڈی اوز کو جلد مل جائیگی۔سیکرٹری سکولز پنجاب نے تمام ای ڈی اوز کو ہدایت کی ہے کہ سکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا کام 12جنوری2015 سے قبل مکمل کر لیا جائے۔

ذرائع محکمہ تعلیم کے مطابق ہفتہ کے روز سیکرٹری سکولز پنجاب کی صدارت میں ای ڈی اوز کا اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں سیکرٹری سکولز نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو سی سی ٹی وی کیمروں کی رقم کے حصول کیلئے سمری ارسال کی اور وزیراعلیٰ کے احکامات کی روشنی میں تمام ای ڈی اوز کو ہدایت کی ہے کہ سکولوں میں کیمروں کی تنصیب کا کام 12جنوری سے قبل مکمل کر لیا جائے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی کیمرے 4263بوائز اور گرلزسکولوں میں نصب کیے جائیں گے جہاں پر طلباء طالبات کی تعداد500تک ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ سیکورٹی کیمروں کی خریداری پیپرا رولز کی ایمرجنسی کلاز کے تحت ہوگی۔یاد رہے سانحہ پشاور کے بعد پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں میں سیکورٹی خدشات کے باعث 9جنوری تک چھٹیاں کر دی گئی تھیں تاکہ سیکورٹی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جاسکیں۔ تاہم اب چھٹیوں میں 12جنوری تک توسیع کر دی گئی ہے۔