ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا مانیٹرنگ سیکورٹی سسٹم مکمل طور پر غیر فعال ہوگیا

اتوار 28 دسمبر 2014 17:14

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 28دسمبر 2014ء) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا کیمرہ مانیٹرنگ سیکورٹی سسٹم مکمل طور پر غیر فعال ہوگیا ، گزشتہ روز اغواء ہونیوالا اڑھائی ماہ کابچہ تا حال بازیاب نہ ہو سکا ، مقدمہ درج ہو گیا ‘الٰہی آباد گلی نمبر3کے رہائشی شوکت کا پانچ سالہ بیٹا بیماری کے باعث سول ہسپتال کے بچہ وارڈ میں داخل تھا جہاں اس بچے کے پاس اس کی ماں نازیہ بی بی موجود تھیں جس پر نازیہ بی بی نے قریب کھڑی نا معلوم خاتون کو اپنا اڑھائی ماہ کا بیٹا شہزاد پکڑا دیا اور خود اندر چلی گئی جب واپس لوٹی تو وہ خاتون بچہ لے کر فرار ہو چکی تھی ، ہسپتال انتظامیہ نے اطلاع ملنے پر سیکورٹی کیمرے کی فوٹیج نکلوائی تو کیمرہ کی خرابی کے سبب فوٹیج واضح نظر نہ آئی دوسری جانب پورے ہسپتال کا سیکورٹی کیمرہ سسٹم مکمل طور پر غیر فعال ہو چکا ہے ، اور کنٹرول روم نام کی کوئی چیز ہسپتال میں سرے سے ہی موجود نہیں ہے ، پولیس نے مغوی بچے کی والدہ نازیہ کی مدعیت میں مقدمہ نمبری1164/14درج کر لیا ہے ، میڈیکل سپر نٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرؤف کا موقف ہے کہ بچہ جس جگہ سے خاتون نے پکڑایا ہے وہ جگہ فوٹیج میں نہیں آتی تاہم دیگر داخلی و خارجی راستوں کی فوٹیج کا باریک بینی سے مشاہدہ جاری ہے اور فوٹیج پولیس کو دے دی ہے جلد مغوی بچہ برآمد کروا لیا جائے گا ۔