فیصل آباد،جعلی شراب کی فروخت پھر شروع ہو گئی ہیپی نیوایئر منانے کی تیاریاں

اتوار 28 دسمبر 2014 15:19

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 28دسمبر 2014ء) جعلی شراب کی فروخت پھر شروع ہو گئی ہیپی نیوایئر منانے کی تیاریاں ،جعلی شراب پینے سے وارث پورہ کا رہائشی پچاس سالہ اشرف مسیح ہلاک ہو گیا،ہسپتال میں دو افراد کاعلاج جاری ،تفصیلات کے مطابق فیصل آباد شہر میں کرسمس اورہیپی نیوایئر منانیکے موقع پر مختلف علاقوں کی بھٹیوں پر تیار کی گئی جعلی شراب معروف برانڈ کی بوتلوں میں پیک کرکے بوگس اسٹیکرز لگا کر فروخت کی گئی تھی جس کی کھلے عام ترسیل جاری رہی ،گزشتہ روز وارث پورہ گلی نمبر سات کے رہائشی پچاس سالہ اشرف ولد مبارک نے شراب پی جس سے اس کی حالت خراب ہو گئی ،متاثرہ شخص کو اس کی بیوی ساجدہ ہسپتال لیکرآئی جہاں پر ڈاکٹرزنے اسے بچانے کی سرتوڑ کوششیں کیں تاہم آٹھ گھنٹے موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد اشرف دم توڑ گیا ،ڈاکٹر ز نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی ہے ،علاوہ ازیں سیف آباد چکی والا چوک کے رہائشی بائیس سالہ محمد ندیم ولد شبیر اور چک نمبر 33گ ب ستیانہ کے رہائشی محمد اشرف ولد عنایت کی بھی شراب پینے کے باعث حالت خراب ہو گئی جنہیں سول ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس اور انتظامیہ کی ملی بھگت کے باعث نیوایئر نائٹ منانے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں شراب کشید کرنے کی بھٹیوں پر سرعام شراب بنائی جارہی ہے جبکہ کھلے عام ترسیل بھی جاری، ڈیلروں نے شرات کے سٹاک کرلئے، گزشتہ برس زہریلی شراب سے ہونیوالی چالیس کے قریب اموات اور دو روز قبل جعلی شراب سے ایک موت ہونے کے باوجود تاحال شراب بنانے اور ترسیل کرنے کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی، باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کرسمس کی طرح ہیپی نیوایئر منانے کے لئے فیصل آباد شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص تھانہ گلبرگ کے علاقہ کرسچین ٹاؤن، تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ وارث پورہ، مدینہ ٹاؤن کے علاقہ مریم آباد ، تھانہ صدر کے علاقہ بڑا ڈھڈی والا ، چوکی رشید آباد کے علاقہ ٹرک سٹینڈ سے ملحقہ آبادی ، تھانہ ٹھیکریوالا کے علاقہ 67ج ب سدھار محلہ دھوپ سڑی، تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ سیف آباد، پٹھان والا چوک، تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ 289ر۔

ب اروڑی بلوچاں، تھانہ سمن آباد کے علاقہ ستارہ کالونی اور سمن آباد محلہ اچار مربہ وغیرہ اور ایسے ہی بیشتر مقامات پر شراب کھلے عام کشید کی جارہی ہے، پولیس اور انتظامیہ کے تعاون سے بھاری رشوت دے کر بعض عناصرنے اپنے گھروں یا ڈیروں پر شراب سازی کا غیرقانونی دھندہ کھول رکھا ہے جن پر ہاتھ نہیں ڈالا جارہا جس کی وجہ سے جعلی ،غیرمعیاری اور زہریلی شراب بناکر فروخت کی جاتی ہے جس کی وجہ سے انسانی اموات ہوتی ہیں جبکہ مندرجہ بالا تمام اڈوں سے ہیپی نیوایئر ڈے پر بھاری مقدار میں شراب فروخت جاری ہے اور اب ہیپی نیوایئر کے لئے بھی شراب بھاری مقدار میں بنائی جارہی ہے تاکہ نئے سال کی آمد کی خوشی میں منائی جانیوالی رات کو فروخت کرکے کالی کمائی کی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :