ہمیں اسلام آباد اور پاکستان کی طرح کابل اور افغانستان کا امن عزیز ہے،پرویز رشید

اتوار 28 دسمبر 2014 15:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 28دسمبر 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے افغانستان کو پاکستان کیساتھ ایک سوچ پر لانے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا‘ پاکستان اور افغانستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جنگ کریں گے کیونکہ امن خطے کے مفاد کیلئے مشترکہ اثاثہ ہے‘ فوجی عدالتیں جمہوریت کے خاتمے کیلئے نہیں بلکہ جمہوریت کو مستحکم کرنے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بنائی گئی ہیں۔

اتوار کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمیں اسلام آباد اور پاکستان کی طرح کابل اور افغانستان کا امن عزیز ہے اور وزیراعظم نواز شریف نے افغانستان کو پاکستان کیساتھ ایک سوچ پر لانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں ملک مل کر دہشت گردوں کیخلاف جنگ کریں گے کیونکہ امن خطے کے مفاد کیلئے مشترکہ اثاثہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بنائی گئی خصوصی فوجی عدالتیں جمہوریت کے خاتمے کیلئے لیکن ہماری عدالتیں جمہوریت کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ جمہوریت اور دہشت گردی متضاد چیزیں ہیں اور اس وقت ہمارا سامنا ایسی قوتوں سے ہے جو بندوق کے زور پر اپنا ایجنڈا نافذ کرنا چاہتی ہیں لیکن ہم بندوق کے ذریعے ایجنڈے کا نفاذ ہرگز قبول نہیں کریں گے اور ایسی تمام قوتوں کا خاتمہ کرکے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے