امن ، ترقی ہی پاکستان کی کامیابی کا راستہ ہے،چوہدری عابد شیر علی ،

محمد نواز شریف کی قیادت میں نیا سال پاکستان کے امن،ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا

اتوار 28 دسمبر 2014 14:49

امن ، ترقی ہی پاکستان کی کامیابی کا راستہ ہے،چوہدری عابد شیر علی ،

راولپنڈی/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 28دسمبر 2014ء) وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ امن اور ترقی کا راستہ ہی پاکستان کی کامیابی کا راستہ ہے،وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں نیا سال 2015 پاکستان کے امن،ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے ان حالات میں فوجی عدالتوں کا قیام ضر وری ہے جو ملک و قوم کیلئے بہتر ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے عدالتی نظام میں اصلاحات لانے کی ضرورت ہے کیونکہ 10,10 سال سے زیر سماعت مقدمات کے فیصلے نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حالت جنگ سے گزر رہے ہیں ہمارے جوانوں کو سرحدوں پر شہید کیا جا رہا ہے،وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے دہشتگردوں اور انتہاپسندوں کو ملک میں انکا ایجنڈا نافذ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی فوجی عدالتوں کے قیام کا مقصد عوام کے جمہوری حقوق کو تحفظ فراہم کرنا ہے ملکی سرزمین پر کسی کو بھی مسلح گروپ اور لشکر تشکیل دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،سانحہ پشاور بہت بڑا اور قومی سانحہ ہے۔

(جاری ہے)

پوری سیاسی قیادت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم ملکی سرزمین پر کسی کو بھی مسلح گروپ اور لشکر تشکیل دینے کی اجازت نہیں دیں گے، صرف پاکستان کے عوام اور پارلیمنٹ ہی یہ فیصلہ کرے گی کہ ملک میں کس قسم کا نظام رائج کیا جائے، پشاور کے سکول میں معصوم بچوں کو سفاک درندوں نے بدترین بربریت کا نشانہ بنایا جو دنیا کی تاریخ میں دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہے۔

معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت نے پاکستان سمیت دنیابھر کر کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ شہدا کے خون کے طفیل پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہو چکی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن اور موثر اقدامات کا وقت آن پہنچا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر اتفاق رائے قومی سیاسی قیادت کا تاریخی اقدام ہے۔ سیاسی، مذہبی اور فوجی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کو اتفاق رائے سے منظور کیا ہے جو کہ انتہائی خوش آئند اور پاکستان کی سیاسی تاریخ کا اہم اقدام ہے ۔

وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کیا جائے گا اور نئی نسلوں کو محفوظ اور پرامن پاکستان دے کر جائیں گے۔ قوم کی تائید و حمایت سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے چیلنج سے نمٹیں گے۔ اچھے اور برے دہشت گردوں کی تمیز کئے بغیر سب کے خلاف یکساں موثر کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ غیر معمولی حالات میں غیر معمولی فیصلے اور اقدامات کرنا پڑتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج قومی قیادت ایک پیج پر آ چکی ہے اور قومی قیادت کی طرف سے کئے جانے والے فیصلوں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔