وزیراعلیٰ شہباز شریف سے باکسر عامر خان کی ملاقات ،سانحہ پشاور کی مذمت، شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار،

پوری قوم دہشت گردی کیخلاف متحد ہے، دہشت گردوں کو سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی‘شہباز شریف

اتوار 28 دسمبر 2014 13:15

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 28دسمبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ملاقات کی۔ باکسر عامر خان نے سانحہ پشاور کی مذمت کی اور معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔ اس موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی گئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور نے ہر پاکستانی کا دل زخمی کیا ہے ۔

معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندوں نے بدترین بربریت کا گھناؤنا کھیل کھیلا۔ دنیا کی تاریخ میں ایسے اندوہناک واقعہ کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کے سکول میں شہید ہونے والے بچے پوری قوم کے بچے ہیں اور شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہو چکی ہے۔ سیاسی، مذہبی اور فوجی قیادت بھی دہشت گردوں کا سر کچلنے کیلئے یکجا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانیوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ اتحاد کی قوت سے دھرتی کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرکے دم لیں گے اور دہشت گردوں کو پاکستان میں کہیں بھی سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دے کر انتہاپسندی کے رجحانات کو ختم کیا جا سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں بہت بڑے یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں کئی عالمی ریکارڈ بنے۔ پاکستان میں کھیلوں کے حوالے سے بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ یوتھ فیسٹیول نوجوان میں چھپے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا بہت بڑا پروگرام ہے۔انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں کھیل کے میدان آباد ہوں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔ کھیلوں کو فروغ دے کر نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے بھی روکا جا سکتا ہے۔

پنجاب میں کھیلوں کے نئے میدان اور سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ سپورٹس سنٹرز اور جمنازیمز میں کھیلوں کی جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے باکسر عامر خان کوورلڈ باکسنگ کونسل کا سلورلائٹ ویلٹر ویٹ کیٹگری کا چیمپئن بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عامر خان نے باکسنگ کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ باکسنگ کے میدان میں پاکستانی باکسرز کو جدید تربیت کی ضرورت ہے اور پاکستانی باکسرز کو تربیت کی فراہمی کیلئے ورلڈ باکسنگ کونسل اور پنجاب سپورٹس بورڈ کے اشتراک سے جدید باکسنگ اکیڈمی لاہور میں قائم کی جا رہی ہے اور اس ضمن میں ورلڈ باکسنگ کونسل کے صدر اور نائب صدر اگلے ماہ پاکستان آ رہے ہیں۔ اکیڈمی کے قیام سے پاکستان میں باکسنگ کے کھیل کو فروغ ملے گا اور پروفیشنل باکسرز کو جدید تربیت سے ان کے کھیل میں نکھار آئے گا۔

وزیراعلیٰ نے سپورٹس کمپلیکس فیروز پور روڈ پر قائم ہونے والی باکسنگ اکیڈمی میں عامر خان کو پاکستانی باکسرز کو جدید تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہوگی کہ اس اکیڈمی میں عامر خان بھی پاکستانی باکسرز کو تربیت فراہم کریں۔ باکسر عامر خان نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کیلئے مثبت کام کر رہے ہیں اور میں پاکستانی باکسرز کو بین الاقوامی معیار کی تربیت دینے کیلئے تیار ہوں۔

انہوں نے باکسنگ اکیڈمی کے قیام کے حوالے سے پنجاب حکومت اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم و کھیل رانا مشہود احمد خان، ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب، وزیراعلیٰ پنجاب کے پولیٹکل سیکرٹری افضال بھٹی، باکسر عامر خان کے والد سجاد خان، بھائی ہارون خان اور طاہر خان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :