اوگرا نے ایل پی جی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کاسخت نوٹس لے لیا،اوورچارجنگ کرنیوالی ڈسٹری بیوٹر ز کمپنیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ ،

خلاف ورزیوں کرنیوالی مارکیٹنگ کمپنیوں کا لائسنس منسوخ کردیا جائیگا، مارکیٹنگ کمپنیاں عوام کی سہولت کیلئے ایل پی جی کی قیمتیں شائع کریں، ترجمان

ہفتہ 27 دسمبر 2014 23:30

اوگرا نے ایل پی جی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کاسخت نوٹس لے لیا،اوورچارجنگ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کاسخت نوٹس لیتے ہوئے اوورچارجنگ کرنیوالی ڈسٹری بیوٹر ز کمپنیوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، خلاف ورزیوں کرنیوالی مارکیٹنگ کمپنیوں کا لائسنس منسوخ کردیا جائیگا، مارکیٹنگ کمپنیاں عوام کی سہولت کیلئے ایل پی جی کی قیمتیں شائع کریں۔

اوگرا نے ایل پی جی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کا جائزہ لینے بارے ہنگامی اجلاس منعقد کیا جس میں ایل پی جی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے جیسے غیرقانونی کاروبار کیخلاف منظم اور جامع مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اوگرا ترجمان نے کہا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ایل پی جی کی قیمتوں کا تعین نہیں کرسکتی لیکن مارکیٹنگ کمپنیاں معقول قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرتی ہیں اور ڈسٹری بیوٹرز ان پر عملدرآمد کے پابند ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور ڈی سی اسلام آباد کی طرف سے اے سیز اور مجسٹریٹوں کو سخت ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جائے ، اور خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، انہوں نے کہا کہ اوورچارجنگ کرنیوالی ڈسٹری بیوٹر کمپنیاں ڈیلر شپ سے ہاتھ دھو بیٹھیں گی۔

اوگرا نے لائسنس یافتہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ صارفین کی سہولت کیلئے اپنے سیلز پوائنٹس میں اضافہ کریں یا پھر سند یافتہ ڈسٹری بیوٹرز کی تعداد بڑھائیں۔ اوگرا نے ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ اپنی لائسنس بارے شرائط پر عمل پیرا ہوں اور اپنے ڈیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز کو بھی طریقہ کار اور قیمتوں کے حوالے سے جاری نوٹیفکیشن پر مکمل طور پر عملدرآمد کا پابند بنائیں۔

اجلاس میں ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کے نمائندوں نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بعض منافع خور سردیوں میں خصوصی طور پر ایل پی جی کی اچانک بڑھتی ہوئی طلب سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں۔اوگرا نے ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نادہندہ کمپنی یا اس کے ڈسٹری بیوٹرز کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا اور بار بار خلاف ورزی کی صورت میں سزا کے طور پر متعلقہ مارکیٹنگ کمپنی کا لائسنس منسوخ کرکے ضمانتی رقم ضبط کرلی جائیگی۔
؂