پاکستان پر امن ملک ہے ،دنیا کو باورا کرنے کیلئے آتا ہوں ‘ عامر خان،

آج وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے ناشتے ،ملک ریاض کے عصرانے میں شرکت کرینگے،داتا دربار بھی جائینگے

ہفتہ 27 دسمبر 2014 23:22

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان تین روز کے لئے لاہور پہنچ گئے ۔عامر خان آج اتوار وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے دئیے جانے والے ناشتے اور بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض کے عصرانے میں شرکت کے علاوہ حضرت داتا گنج بخش  کے مزار مبارک پر بھی حاضری دیں گے۔ عامر خان گزشتہ روز لاہور آمد کے بعد ایلیٹ فورس کی سکیورٹی میں نجی ہوٹل پہنچے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ پاکستان آنے کا مقصد بیرونی دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور یہاں کسی طرح کے سکیورٹی خدشات نہیں۔ پاکستان بہت خوبصورت ملک ہے،یہاں پیار کرنے والے لوگ رہتے ہیں۔ عامر کا کہنا تھا کہ وہ ہر دفعہ اپنے والدین کے ساتھ آتے ہیں ،جلد ہی بیٹی اور اہلیہ کو بھی لے کر پاکستان آئیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان آؤں اور لاہور نہ آؤں ایسا ہو نہیں سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور کے غم میں دکھی ہوں ،پاکستان میں قیام کے دوران شہید ہونے والے بچوں کی فیملی سے ملوں گا۔ عامر خان آج اتوار کو وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی طرف ناشتے اور چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کی طرف سے عصرانے کی دعوت میں شریک ہوں گے۔ عامر خان حضرت داتا گنج بخش  کے مزار مبارک پر بھی حاضری دیں گے۔اس موقع پر ہوٹل میں موجود انکے پرستاروں نے انکے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔