آزاد کشمیر میں بینظیر بھٹو کی برسی عقیدت واحترام، نظریاتی جوش وجذبے کیساتھ منائی گئی، عائیہ تقاریب کا انعقاد،

عظیم قائد کے مشن کی تکمیل کیلئے پیپلز پارٹی کے حقیقی، نظریاتی کارکن جہد مسلسل جاری رکھیں گے، خواجہ عاطف بشیر

ہفتہ 27 دسمبر 2014 23:21

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں بھی محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی عقیدت و احترام اور نظریاتی جوش وجذبے کیساتھ منائی گئی ۔ محترمہ شہید کی برسی پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عظیم قائد کے مشن کی تکمیل کے لئے پیپلز پارٹی کے حقیقی اور نظریاتی کارکن جہد مسلسل جاری رکھیں گے ۔

میرواعظ روڈ پر محترمہ شہید کی برسی کے سلسلہ میں پیپلز پارٹی سٹی کے زیر اہتمام شمعیں روشن کی گئیں جس میں پیپلز پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اس موقع پر دعائیہ تقریب بھی منعقد کی گئی ۔ دعائیہ تقریب سے خطاب کے دوران بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے میڈیا ایڈوائزر خواجہ عاطف بشیر کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے ملک و قوم کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں ۔

(جاری ہے)

جمہوریت کے استحکام و فروغ کیلئے محترمہ شہید کا کردار رہتی دنیا تک یاد رکھا جائیگا۔ محترمہ شہید نے جنرل مشرف کی آمریت کو للکارا اور جنرل مشرف کو ملک کے اندر انتخابات پر مجبور کیا ۔ عوام کا حق رائے دہی بازیاب کرانے کے لئے عظیم خاتون قائد نے ملک کے طول و عرض میں جلسے منعقد کرکے فوجی آمریت کے خاتمے کے لئے لازوال جدوجہد کی اور اسی جدوجہد کے دوران ملک اور عوام دشمن قوتوں نے محترمہ شہید کو راستے سے ہٹا دیا ۔

لیکن کراچی سے خیبر تک محترمہ شہید کے سپاہی موجود ہیں اور ان کے مشن کی تکمیل کیلئے سروں پر کفن باندھ کر میدان عمل میں برسرپیکار ہیں ۔ خواجہ عاطف بشیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے نام پر حکومت قائم ہے ۔ یہ حکومت صرف پیپلز پارٹی کا نام استعمال کررہی ہے اور حکمرانوں کا محترمہ شہید کے نظریات سے کوئی تعلق نہیں ۔

اس وقت پیپلز پارٹی کے نام پر آزاد کشمیر میں مسلط مخصوص ٹولہ لوٹ مار میں مصروف ہے ۔ کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے جتنے سکینڈل حالیہ ساڑھے تین برسوں میں سامنے آئے ہیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔ اس وقت آزاد کشمیر میں حکمران پجیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی ساشوں میں مصروف ہیں اور پیپلز پارٹی کے خلاف گھناؤنی سازشیں کی جارہی ہیں ۔ ہائی کمان نے آزاد کشمیر حکومت کی اصلاح نہ کی تو آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی پورے آزاد کشمیر سے 4نشستیں بھی حاصل نہیں کرسکے گی ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کو بچانے کا واحد راستہ یہ ہے کہ ہائی کمان بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں آزاد کشمیر کے اندر 1سال قبل انتخابات کرادے ۔ اگر ایسا نہ ہوا تو آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کو ٹکٹ کیلئے امیدوار نہیں ملیں گے ۔