عوام نے شہید بینظیر بھٹو کی برسی میں بڑی تعداد میں شریک ہوکر ان سے اپنی والہانہ عقیدت کا ثبوت دیا ہے،قائم علی شاہ،

اس وقت ملک میں جمہوریت آصف علی زرداری کی مدبرانہ اور فہم و فراست پر مبنی سیاست کی بدولت ہے،پیپلز پارٹی لاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کی قیادت میں متحد،متحرک اور فعال ہے،وزیراعلیٰ سندھ

ہفتہ 27 دسمبر 2014 23:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر ووزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ہفتہ کے روز گڑھی خدابخش میں شہید بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی کے موقعہ پر لاکھوں کی تعداد میں عوام، اراکین پارلیمینٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں،عہدیداروں اور اس کی ذیلی تنظیموں کی بھرپور شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے شہید بینظیر بھٹو کی برسی میں بڑی تعداد میں شریک ہوکر ان سے اپنی والہانہ عقیدت کا ثبوت دیا ہے اور ان کے ملک میں حقیقی جمہوریت کے فروغ اور اسے رواں دواں رکھنے کے مشن کو پورا کرنے کیلئے تجدید عہد کیا ہے۔

سید قائم علی شاہ نے کہا کہ اس وقت ملک میں جمہوریت سابق صدر اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی مدبرانہ اور فہم و فراست پر مبنی سیاست کی بدولت ہے اور انہوں نے شہید بینظیر بھٹو کے مفاہمتی پالیسی کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک میں حقیقی جمہوریت کی داغ بیل ڈالی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گڑھی خدابخش میں لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کرکے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کردیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں اورپارٹی کے جواں قائد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری ملک کے مقبول اور ہر العزیز رہنما ہیں جن کی قیادت میں ملک ترقی کی منزلیں طے کریگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں متحد،متحرک اور فعال ہے۔