Live Updates

مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کا قیام ،حکومت، پی ٹی آئی مذاکرات بغیر کسی پیشرفت کے ختم،اگلا دور منگل کو ہوگا،

جوڈیشل کمیشن سے متعلق پیش کیا گیا مسودہ اطمینان بخش نہیں ، وہ تمام نکات حذف کردیئے گئے جن پر دونوں کمیٹیاں متفق تھیں،تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن ) کا جوڈیشل کمیشن آرڈیننس سے متعلق تین نکات کے سوا باقی تمام پر اتفاق ، حکومت کی نیت پر شک نہیں ،ایک موقع اور دینگے،کوئی سمجھتا ہے بات چیت کے عمل کو طول دینے سے تحریک انصاف اپنی راہ کھو دیگی تو وہ غلط ہے،جہانگیر ترین

ہفتہ 27 دسمبر 2014 22:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء ) تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام پر ہفتہ کو ہونیوالے مذاکرات بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہوگئے ، جوڈیشل کمیشن سے متعلق تین نکات پر دونوں جماعتیں اپنی قیادت سے مزید مشاورت کریں گی جبکہ مذاکرات کا اگلا دور منگل کو ہوگا ۔

حکومت کی طرف سے اسحاق ڈار اور احسن اقبال نے جبکہ تحریک انصاف کی طرف سے جہانگیر ترین اور شیریں مزاری نے مذاکرات کئے ۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے گھر ہونیوالے مذاکرات کے دوران تحریک انصاف کی مذاکرتی کمیٹی نے موقف اختیار کیا کہ کل جماعتی کانفرنس میں جوڈیشل کمیشن سے متعلق پیش کیا گیا مسودہ اطمینان بخش نہیں اور اس میں وہ تمام نکتے حذف کردیئے گئے جن پر دونوں کمیٹیوں کا اتفاق ہوچکا تھا ، دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حکومت کی جانب سے پیش کردہ نئے مسودے پر دونوں مذاکراتی ٹیمیں اپنی اپنی قیادت کو اعتماد میں لیکر دوبارہ مذاکرات کریں گی۔

(جاری ہے)

حکومتی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن ) نے پی ٹی آئی سے انتہائی خلوص کیساتھ مذاکرات کرتے ہوئے اہم پیش رفت کی ، مسلم لیگ (ن )کی طرف سے کھلے ذہن کیساتھ ان تین نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا جو پی ٹی آئی کی جانب سے اٹھائے گئے تھے، زیر غور لائے جانیوالے تین نکات پر دونوں جماعتیں اپنی اپنی قیادت سے مزید مشاورت کریں گی۔ مسلم لیگ (ن ) نے جوڈیشل کمیشن آرڈیننس سے متعلق تین نکات کے سوا باقی تمام پر اتفاق کیا۔

پیر کو حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے قومی سلامتی کے امور پر اجلاس کے باعث مذاکرات کا اگلا دور منگل کو ہوگا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنماء جہانگیر ترین نے کہا کہ حکومت کی نیت پر شک نہیں اس لئے اسے ایک موقع اور دینگے، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن ) دونوں نے بہت لچک کا مظاہرہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں ہونیوالی پیش رفت سے اپنے قائدین کو آگاہ کیا جائیگا ، جہانگیر ترین نے کہا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ بات چیت کے عمل کو طول دینے سے تحریک انصاف اپنی راہ کھو دیگی تو وہ غلط ہے، ہم نے 4 ماہ سے زائد عرصے تک دھرنا دیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے معاملات کو سلجھانے کیلئے بہت لچک دکھائی ہے اور ہم صفحات سے آدھے صفحے پر آگئے ہیں، انہوں نے کہا کہ اب گیند مسلم لیگ (ن) کی کورٹ میں ہے وہ چاہے تو معاملات جلد طے پاسکتے ہیں کیونکہ یہ معاملہ جتنا طول پکڑیگا اتنا ہی اس کا حل مشکل ہوتا جائیگا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات