Live Updates

حکومت ،تحریک انصاف قوم کو کسی نئے ایڈونچر میں مبتلا کرنے سے اجتناب برتیں، پی پی پی سنیٹرز

ہفتہ 27 دسمبر 2014 22:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی وزیر قانون سنیٹرمولا بخش چانڈیو، سنیٹر سعید غنی اور سنیٹر عاجز دھامرا نے حکومت اور تحریک انصاف کے مابین تاحال جاری سرد جنگ کو ملک کے لئے بدشگونی قرار دیتے ہوئے دونوں سے مطالبہ کیا ہے کہ قوم کو مزید ہیجان میں رکھنے سے اجتناب کیا جائے کیونکہ ماضی قریب میں قوم اور ملک کو دھرنوں کی سیاست سے جو سماجی، سیاسی اور معاشی نقصان اٹھانا پڑا اور اس کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے معصوم بچوں کے خون سے جس طرح ہولی کھیلی گئی اس کے بعد قوم کسی نئے ایڈونچر کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

پاکستان پیپلز پارٹی میڈیا سیل سندھ سے جاری ہونے والے اپنے مشترکہ بیان میں ان سنیٹرز نے کہا کہ پشاور کے واقعے کے بعد تحرک انصاف کا دھرنا ختم کرنا درست فیصلہ تھا مگر تاحال عدالتی کمیشن کے قیام کے سلسلے میں غیرسنجیدہ صورت حال اس بات کی غماصی کررہی ہے کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے اور معاملے کو طول دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک و ق وم اور جمہوریت کی خاطر پارلیمنٹ کا ساتھ دیا اور آئندہ بھی جمہوریت کی بقا اور سلامتی کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی تاہم حکومت اور تحریک انصاف کو بھی اپنے ریوں پر نذرثانی کرنی چاہئے کیونکہ اگر دونوں فریق اسی طرح میں نہ مانو کی رٹ لگارکھیں گے تو یہ دہشت گردی کے خلاف بننے والے قومی اتحاد کو پارہ پارہ کردیگا اور قوم انھین کبھی معاف نہیں کرے گی۔

انھوں نے حکومت اور تحریک انصاف سے کہا کہ ذاتی انا اور ہٹ دھرمی کو ترک کرتے ہوئے قوم اور ملک کا سوچیں اور قوم کو کسی نئے امتحان میں نہ ڈالیں جس کے لئے وہ مہینوں یا دنوں میں نہیں بلکہ گھنٹوں میں کسی نتیجے پر پہنچیں تاکہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کسی منطقی نتیجے پر پہنچے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :