سہراب گوٹھ کے مکینوں کے وفد کی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات،

ظلم کی ہر شکل اور ماورائے آئین وماورائے عدالت اقدامات کی مذمت کرتے ہیں ،وفد سے گفتگو

ہفتہ 27 دسمبر 2014 22:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) سہراب گوٹھ کے علاقے کے مکینوں کے ایک نمائندہ وفد نے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نور حق میں ملاقات کی اور سہراب گوٹھ کے علاقے میں پیش آنے والے واقعات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پولیس کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل کے مسلسل واقعات کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور گھروں میں خواتین اور بچے مسلسل خوف اور دہشت کا شکار ہیں۔

وفد میں حاجی طور خان ، غلام رسول ، حاجی ہاشم خان ، ڈاکٹر عبدالغفور ، حاجی عبدالودود ، عزیز خان اور دیگر شامل تھے ۔ملاقات میں جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری عبدالوہاب ، امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفرخان ، امیر ضلع شرقی وسابق رکن سندھ اسمبلی یونس بارائی اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے سہراب گوٹھ کے علاقے کی اس سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم ظلم کی ہر شکل کی مذمت کرتے ہیں ماورائے آئین اور ماورائے عدالت کیے جانے والے ہر طرح کے اقدامات قابل مذمت ہیں ،مجرموں کو عدالت میں پیش کیا جائے ۔

مجرموں کو قانون کے تقاضے پورے کر کے سزا دی جائے ۔پولیس کی جانب سے ماورائے آئین اور ماورائے عدالت اقدامات بندکیے جائیں ۔جعلی پولیس مقابلے مسائل کا حل نہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ بھتہ خوروں ، لوٹ مار کرنے والوں اور جرائم پیشہ عناصر سے شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلا شبہ اس طرح کے واقعات سے علاقہ مکینوں کے اندر خوف و ہراس پھیل رہا ہے ۔

علاقہ مکینوں کو امن و امان کی فراہمی اور خوف و دہشت سے پاک فضا پیدا کرنا حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔سہراب گوٹھ کے مکینوں نے حافظ نعیم الرحمن کو بتایا کہ علاقے میں بے قصور لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور پہلے سے گرفتار شدہ افراد کو ہاتھ پیر باندھ کر لایا جاتا ہے اور پھر گولیاں مار دی جاتی ہیں اور پھر انہیں مجرم قرار دے دیا جا تا ہے ۔علاقے کے لوگوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہو گیا ہے اور کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔