ملک فیصلہ کن گھڑی میں داخل ہوچکا ہے قوم کسی بھی قسم کے انتشار کی متحمل نہیں ہوسکتی، سینیٹر شاہی سید ،

ہمارے شہیدوں کی صداقت اور قربانی کو پوری قومی قیادت نے تسلیم کیا، افسوس اس میں کافی دیر لگادی گئی

ہفتہ 27 دسمبر 2014 22:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صوبائی تھنک ٹینک کا اجلاس مردان ہاؤس میں صوبائی صدر سینیٹر شاہی سید کی سربراہی میں منعقد ہوااجلاس کے بعد سینیٹر شاہی سید کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک فیصلہ کن گھڑی میں داخل ہوچکا ہے قوم کسی بھی قسم کے انتشار کی متحمل نہیں ہوسکتی،ریاست ٹھوس اقدامات سے اپنی موجودگی کا احساس دلائے تمام پارلیمانی سیاسی و مذہبی قیادت نے اپنا مکمل مینڈیٹ حکومت اور ریاست کو دیدیا ہے ،تاریخ نے ایک مرتبہ پھر ہمارے موقف کو درست تسلیم کیاہمارے شہیدوں کی صداقت اور قربانی کو آج پوری قومی قیادت نے تسلیم کیامگر افسوس کہ اس میں کافی دیر لگادی گئی،تمام پارلیمانی جماعتوں کے مشترکہ اعلامیہ کے بعد اے این پی سے زیادہ کسی کو دلی تسکین نہیں ہوسکتی ،باچا خان مرکز سے جاری کردہ اعلامیہ میں مذید کہا گیا ہے کہ بحیثیت سیاسی جماعت اے این پی دہشت گردی و انتہاء پسندی کا سب سے زیادہ شکار رہی ہے ،دہشت گردوں کے خلا ف بھر پور کاروائی سب سے پہلے ہمارا مطالبہ تھامگر بے گناہ افراد خاص طورپر بے گناہ پختونوں کو گرفتار کیا جارہاہے،عوامی نیشنل پارٹی کھلم کھلا یہ اعلان کرتی ہے کہ اگر بے گناہوں کی گرفتاری کا عمل نا روکا گیا تو پھر ہم بھر پور احتجاج کریں گے ،سینیٹر شاہی سید نے مذید کہا کہ موجودہ حالات میں سب سے زیادہ خطرات عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں و کارکنان کے سروں پر منڈ لارہے ہیں،تمام تر حالات کے باوجود قومی جدوجہد سے کسی طور دستبردار نہیں ہوں گے ،تمام اداروں سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں کے قاتلوں کو گرفتار کرکے اصل ماسٹر مائنڈ کو بے نقاب کیا جائے اور رہنماؤں کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔