علماء کرام مساجد اور مدا رس کا تحفظ ہر صورت کریں گے ، جمعیت اتحاد العلماء،

سانحہ پشاور کی آڑ میں اسلام کے خلاف ہر زہ سرائی برداشت نہیں کی جائیگی،برجیس احمد ،مولانا عبدالوحید کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 27 دسمبر 2014 22:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) نا ئب امیر جماعت اسلامی کراچی برجیس احمد نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے ذمہ داران کسی بھی مسلک اور مذہب سے تعلق نہیں رکھتے ،کجا یہ کہ انہیں مسلمان کہا جائے ۔سانحہ پشاور کی آڑ میں اسلام ،دینی مدارس ار مساجد کے خلاف زبان درازی کرنے والے سیکولر عناصر کی سازشیں کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور مدارس و مساجد کا ہر صورت دفاع کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے رہنما مولانا عبد الوحید کی زیر صدارت اجلاس میں علماء کرام نے ملک کی موجو دہ صورت حال اور اسلام دشمن سیکولر لابی کے اسلام مخالف پرو پیگنڈے پرسخت تشویش کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

مولانا عبد الوحید نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ایسے حالات میں علماء کرام کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے ،علماء کرام مسجد و محراب کے ذریعے عوام کو اس پروپیگنڈہ مہم سے آگاہ کریں اور ماہ ربیع الاول میں سیرت النبی کی روشنی میں عوام الناس کو موجودہ صورت حال سے نکلنے کا حل بتائیں ۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور پر ہر انسان غم اور افسوس میں ڈوبا ہوا ہے لیکن اس کی آڑ میں اسلام کے خلاف پروپیگنڈہ قوتیں بھی اتنی ہی بڑی مجرم ہیں ،اسلام کے خلاف سازشیں بند نہ ہوئیں تو سخت رد عمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :