کارکنان پارٹی کیساتھ جذباتی وابستگی ،عوام کی خدمت کرنے کو یقینی بنا کر حقیقی معنوںٰ میں قائد کے مشن کو آگے بڑھائیں ،شرجیل انعام میمن

ہفتہ 27 دسمبر 2014 22:07

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء)محترمہ بینظیر بھٹو کی 7ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پی پی کارکنوں کے قافلے ہفتے کو گڑھی خدا بخش روانہ ہوئے، پیپلزپارٹی اور اس کی تمام ذیلی تنظیموں کے عہدیداران ، کارکنان اور جیالوں کی آمد کیلئے مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپس لگائے گئے جبکہ صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن کی جانب سے بھی انکے حلقے پی ایس 50میں ہٹڑی تھانہ کے قریب بائی پاس پر استقبالیہ کیمپ لگایا گیا جہاں قافلوں کی آمد اور روانگی کا سلسلہ جاری رہا،کارکنان جیئے بھٹو ، جیئے بینظیر بھٹو اور زندہ ہے بی بی زندہ ہے کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے پی پی کارکنان اور جیالوں سے کہا کہ وہ خوش نصیب ہیں کہ انہیں محترمہ بینظیر بھٹو جیسی لیڈر ملیں کہ جنہوں نے ملک کے غریبوں کے حقوق اور ملک میں جمہویت کی بحالی کیلئے عملی طور پر جدوجہد کی اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، انہوں نے کہا کہ کارکنان پارٹی کے ساتھ اپنی جذباتی وابستگی اور عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت کرنے کو یقینی بنا کر حقیقی معنوںٰ میں اپنی قائد کے مشن کو آگے بڑھائیں جوکہ حقیقت میں محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا اور اسی طرح ہم انہیں خراج عقید پیش کرسکتے ہیں، قافلے گڑھی خدابخش بھٹو میں شہداء کے مزار پر جمع ہونگے جہاں قرآن خوانی کے بعد دعا مانگی جائینگی اس موقع پر ادیب اور شاعر اپنی شاعری میں بینظیر بھتو کی قربانی کو خراج عقیدت بھی پیش کرینگے، عوامی جلسہ سہ پہر کو شروع ہوگا جبکہ شام 5بج کر 10منٹ پر محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے وقت 2منٹ کیلئے خاموشی اختیار کی جائیگی جس کے بعد عوامی نمائندے جلسے سے خطاب کرینگے۔