پاکستان کلمہ کی بنیاد پر قائم کیا گیا ،امریکہ ،بھارت دہشت گردی کے ذریعے اسے ناکام ریاست قرار دیکر مذموم عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں،لیاقت بلوچ

دہشت گردی کے ہر واقعہ کو دین ،اسلام سے جوڑ کر اپنی من پسند لا دینیت مسلط کرنے کی ناکام کو شش کی جارہی ہے، یورپی یونین ،سیکولر لابی کے کہنے پر سزائے موت کوروکا گیا جس سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا ،پیپلز پارٹی کی طرح (ن) لیگ بھی اپنے انجام کی طرف بڑھ رہی ہے، عشایئے سے خطاب

ہفتہ 27 دسمبر 2014 21:44

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کلمہ کی بنیاد پر قائم کی گئی ریاست ہے، امریکہ اور بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے ذریعے اسے ناکام ریاست قرار دیکر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کرنا چاہتے ہیں ،دہشت گردی کے ہر واقعہ کو دین اور اسلام سے جوڑ کر اپنی من پسند لا دینیت مسلط کرنے کی ناکام کو شش کی جارہی ہے ،یورپی یونین اور سیکولر لابی کے کہنے پر سزائے موت کوروکا گیا جس کی بناء پر دہشت گردی میں اضافہ ہوا ،پیپلز پارٹی کی طرح ن لیگ بھی اپنے انجام کی طرف بڑھ رہی ہے،موجودہ حالات میں جماعت اسلامی جیسی دیانت دار قوت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پی پی71کے امیر محمد سلیم سرور کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ،مولاناانور کلیم ،زونل جنرل سیکرٹری میاں عطاالرحمان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام سیاسی وعسکری قیادت کامتحداوریکجان ہوناخوش آئند اور قابل تحسین امر ہے۔

اب نوازحکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اندرونی وبیرونی دہشت گردعناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کرے تاکہ ملک میں امن کاقیام ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں مسلکوں ، علاقوں اور قومیت کی بنیاد پر تقسیم کرناچاہتاہے اور اس کا اصل ہدف ایٹمی قوت کی حامل اسلامی مملکت کو ٹکڑے ٹکڑے کرنا ہے ۔ یہ پاکستان میں انتشار اور انارکی پھیلا کر اسے ایک غیر محفوظ ملک ثابت کرنا امریکی ایجنڈا کا حصہ ہے ، بحیثیت قوم ہماری ذمہ داری ہے کہ ان سازشوں کو ناکام بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ بے گناہ لوگ اسی طرح دہشت گردی کانشانہ بنتے رہے تو اسلام و پاکستان دشمن قوتوں کے مکروہ عزائم کو تقویت ملے گی اور خطے میں دہشت گردوں کا راج ہوگا، امریکہ بھارت اور اسرائیل جیسی قوتیں پاکستان میں انتشار پھیلا کر ملک کو تقسیم کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امت مسلمہ کی تاریخ ہے کہ ہر دور میں اس کے اندر حق کا جھنڈا بلند کرنے والے لوگ موجود رہے ہیں اور جماعت اسلامی بھی آج حق کا جھنڈا بلند رکھنے کی جدو جہد کر رہے ہیں آج یہ جھنڈا ہمارے ہاتھوں میں ہے اور ہمیں اس کو ساری دنیا میں بلند رکھنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حکمرانوں سے بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان چار صوبوں ، پہاڑوں اور زمین کا نام نہیں بلکہ ایک عقیدے اور نظریے کا نام ہے اور اس کی بنیاد کلمہ لا الہ الا اللہ ہے ۔پاکستان غریب نہیں بلکہ ہر طرح کے معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے لیکن حکمرانوں کی کرپشن اور وسائل کی لوٹ کھسوٹ کی بدولت نام نہاد حکومتوں نے پاکستان کو ایک مقروض ملک اور اس کے عوام کو ذلیل و خوار کر کے رکھ د یاہے ۔

انہوں نے کہا کہ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا تھا اس لئے یہاں اسلامی اصولوں پر رائج قوانین ہی ملک کو ترقی اور خوشحالی کی منزل پر لے جا سکتے ہیں، آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک جیسے صیہونی اداروں کے چنگل سے نکلنے کیلئے ہمیں اسلامی معیشت اور خود انحصاری کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کوایٹم بم سے زیادہ اتحادکی ضرورت ہے۔ پوری قوم ملک میں امن وامان کے لیے فکر مند ہے ۔ سب سیاسی جماعتوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر پاکستان کی سلامتی کیلئے کام کرنا چاہیے ۔ ا سلام دشمن طاقتیں پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتی ہیں، ہمیں فرقہ بندی ، علاقائی تعصب اور شدت پسندی سے نکل کر دفاع پاکستان اور اتحاد امت کیلئے جدوجہد کرنا ہو گی۔