سیاسی و عسکری قیادت پر مشتمل نیشنل سکیورٹی کونسل قائم کی جائے ،ملک بھر میں آرٹیکل 245 لاگو کیا جائے‘ صاحبزادہ حامد رضا،

پلان آگیا ہے اب ایکشن کی ضرورت ہے، ایکشن نہ ہوا تو ایکشن پلان صرف پلان رہ جائے گا‘ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کی وفود سے گفتگو

ہفتہ 27 دسمبر 2014 21:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پلان آگیا ہے اب ایکشن کی ضرورت ہے، ایکشن نہ ہوا تو ایکشن پلان صرف پلان رہ جائے گا،ممبر و محراب سے نفرت نہیں محبت کا پیغام پھیلانا ہوگا،سیاسی و عسکری قیادت پر مشتمل نیشنل سکیورٹی کونسل قائم کی جائے اور ملک بھر میں آرٹیکل 245 لاگو کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کے اداروں کو فوری فنڈز جاری کئے جائیں ۔حکومت دہشتگردی کے خلاف مصلحت کا شکار نہ ہوئی تو پاکستان جلد محفوظ بن جائیگا ۔اگلے دو ہفتوں میں حکومتی اقدامات سے حکمرانوں کی سنجیدگی کا اندازہ ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

پھانسیوں کا التواء افسوسناک ہے۔

پھانسیوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو کل وقتی وزیر خارجہ اوروزیر دفاع کی ضرورت ہے۔حکومت کی مجرمانہ بے حسی کی وجہ سے تھر میں بچے ہلاک ہورہے ہیں ۔مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کا بھارتی ڈرامہ ناکام ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مدارس کے نظام میں اصطلاحات نا گزیر ہیں ۔فوجی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ خوش آئند ہے۔حکومت نیو ائیر نائٹ کے نام پر ہونے والے اخلاق سوز پروگرام پر پابندی لگائے۔گیس اور بجلی کے بحران نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔بجلی مہنگی کرکے عوامی مشکلات میں اضافہ کیا جارہا ہے۔