سینئر سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین بابر کی سٹاف کو وقت کی پابندی اور دفتری قواعد و ضوابط پر عمل کرنے کی ھدایت

ہفتہ 27 دسمبر 2014 20:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) سینئر سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین بابر نے پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں اسمبلی کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت کی پابندی کے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔اسمبلی سیکرٹریٹ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیئے سٹاف کی ٹریننگ اور رفریشر کورسز کا اہتمام کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کی سپیکر رانا محمد اقبال خاں نے ہمیشہ شفقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سٹاف کی بہتری کو مقدم جانا ہے۔

اراکین اسمبلی کے عزت و احترام کا ہرصورت میں خیال رکھا جائے۔ قواعد وضوابط کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔رائے ممتاز حسیں بابر نے کہاکہ محنتی افسران و اہلکاران لائق تحسین ہیں۔بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصول ’کام کام اور صرف کام‘ پر عمل پیرا ہو کر ہم پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سیکرٹری قانون سازی خالد محمود نے اپنے آسٹریلیا کی پارلیمنٹ کے حالیہ دورہ سے متعلق بتاتے ہوئے آسٹریلوی پارلیمنٹ اور پارلیمانی کمیٹیوں کی کارکردگی اور اسمبلی کی کاروائی کے طریقہ کار سے متعلق بریفنگ دی جس میں اسمبلی افسران نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا خالد محمود نے آسٹریلوی پارلیمنٹ کے بارے میں کئے گئے سوالات کے بھی تسلی بخش جوابات دیئے۔