مجلس احراراسلام کا 85واں یوم تاسیس کل پورے ملک میں منایا جائیگا

ہفتہ 27 دسمبر 2014 20:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء)مجلس احراراسلام کا 85واں یوم تاسیس 29دسمبر(کل)کو پورے ملک میں منایا جائیگا ،مجلس احراراسلام پاکستان کے امیرمرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری اور سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ احراراپنے یوم قیام سے اب تک استعماری قوتوں کے خلاف نبرد آزما ہے انہوں نے کہا کہ اللہ کی سرزمین پر اللہ کی حکومت کا قیام،عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ اور ناموس صحابہ کادفاع ہمارا نصب لعین ہے ،انہوں نے کہا کہ احرارکو ختم کرنے کیلئے وہی قوتیں نبردآزما ہیں جو انسانوں کو انسانوں کی غلامی کے تابع رکھنا چاہتی تھیں ،انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے جب کام شروع کیا تو برطانوی سامراج کا قبضہ تھا جبکہ آج ملک میں امریکی سامراج نے پنجے گاڑھ رکھے ہیں ،انہوں نے کہا کہ امریکی تسلط ختم کیے بغیر پاکستانی عوام سکھ کا سانس نہیں لے سکتے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم امریکی پالیسیوں آئی ایم ایف اور ورلڈبینک کی ہدایات سے بغاوت کردیں اورایک اللہ کی اطاعت میں آجائیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں مجلس احراراسلام پاکستان کے زیر اہتمام یو تاسیس احرارکی ایک بڑی تقریب لاہور دفتر مرکزیہ میں ہوگی جس میں سید محمد کفیل بخاری ،میاں محمد اویس،قاری محمد یوسف احرار،قاری محمد قاسم ،ثاقب افتخاراور دیگر خطاب کریں گے۔ملتان میں قائد احرارسیدعطاء المہیمن بخاری کی زیر صدارت یوم تاسیس منایا جائیگا،چیچہ وطنی میں مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ احرارکے جھنڈے کی پرچم کشائی کرکے تقریب کا آغاز کریں گے ،اسی طرح دیگر شہروں میں یوم تاسیس احرارشان وشوکت کے ساتھ منایا جائیگا ،پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گئیں اور تحفظ ختم نبوت کی جدو جہد کیلئے احرارکارکن تجدیدعہد کریں گے۔