دینی مدارس کو کوائف طلبی کے نام پر ہراساں کرنے کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے ،وفاق المدارس العربیہ،

ذاتی رنجشوں کی بنیاد پر مدارس دینیہ کے ذمہ داران کو پریشان کر نا افسوسناک ہے ،کوائف طلبی کے سلسلے میں حکومت کے ساتھ طے شدہ معاہدوں کی پاسداری کی جائے،وزیراعظم اور وزیرِ داخلہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں،مدارس دینیہ اور حکومت کے مابین محاذآرائی کا ماحول بنانے والوں پر کڑی نظر رکھیں ، مولانا سلیم اللہ خان، قاری حنیف جالندھری و دیگر کا اظہار خیال

ہفتہ 27 دسمبر 2014 20:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) وفاق المدارس العربیہ کے علماء کرام نے کہاہے کہ دینی مدارس کو کوائف طلبی کے نام پر ہراساں کرنے کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے ،ذاتی رنجشوں کی بنیاد پر مدارس دینیہ کے ذمہ داران کو پریشان کر نا افسوسناک ہے ،کوائف طلبی کے سلسلے میں حکومت کے ساتھ طے شدہ معاہدوں کی پاسداری کی جائے،وزیراعظم اور وزیرِ داخلہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں،مدارس دینیہ اور حکومت کے مابین محاذآرائی کا ماحول بنانے والوں پر کڑی نظر رکھیں ۔

ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے رہنماوٴں شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان اور جنرل سیکرٹری وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری نے موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

علمائے کرام نے کہاہے کہ سانحہ پشاور کے بعد ہونے والے پروپیگنڈے کی آڑ میں دینی مدارس کے ذمہ داران اور اساتذہ وطلبہ کو ہراساں کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا گیا اسے فی الفور بند کیا جائے ۔

کسی قسم کی مشاورت اور پالیسی تشکیل پانے سے قبل ہی بعض علاقوں کی علاقائی انتظامیہ نے جس طرح ذاتی رنجشوں کی بنیاد پر دینی مدارس پر چھاپے مارنے اور کوائف طلبی کے نام پر انہیں ہراساں کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے ۔مدارس دینیہ کے اساتذہ اور طلبہ وطالبات کے ناموں اور تفصیلی کوائف کے حصول کے لیے مدارس دینیہ کے ذمہ داران کو مسلسل پریشان کیا جا رہا ہے جبکہ حکومت سے ہونے والے معاہدوں میں یہ طے شدہ امر ہے کہ رجسٹرڈ مدارس کے کوائف سرکاری رجسٹریشن اتھارٹی یا مدارس کی متعلقہ تنظیم یا وفاق سے حاصل کیے جائیں گے اور براہ راست مدارس کو پریشان نہیں کیا جائے گا ۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے وزیر اعظم اور وزیرداخلہ سے اپیل کی کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور مدارس دینیہ اور حکومت کے مابین محاذ آرائی کا ماحول بنانے والے عناصر پر کڑی نظر رکھیں ۔

متعلقہ عنوان :