میڈیا موجودہ دور کا موثر ترین ہتھیار ،دنیا کی بڑی طاقتیں مفادات کیلئے ذرائع ابلاغ کا بھرپور استعمال کر رہی ہیں،جماعة الدعوة ،

نوجوان سوشل میڈیا کو اسلام و پاکستان کے دفاع کے لیے استعمال کریں۔ مسلمانوں کو کبھی بھی طاقت کے بل بوتے پر زیر نہیں کیا جا سکا، یہی وجہ ہے کہ اب میڈیا کے ذریعے ان کے نظریات و افکار کو متزلزل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں،شفیق الرحمن

ہفتہ 27 دسمبر 2014 20:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) جماعة الدعوة اسلام آباد کے امیر شفیق الرحمن نے کہا ہے کہ میڈیا موجودہ دور میں موثر ترین ہتھیار کا درجہ رکھتا ہے۔ دنیا کی بڑی طاقتیں مفادات کے حصول کے لیے ذرائع ابلاغ کا بھرپور استعمال کر رہی ہیں۔ نوجوان سوشل میڈیا کو اسلام و پاکستان کے دفاع کے لیے استعمال کریں۔ مسلمانوں کو کبھی بھی طاقت کے بل بوتے پر زیر نہیں کیا جا سکا، یہی وجہ ہے کہ اب میڈیا کے ذریعے ان کے نظریات و افکار کو متزلزل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز قبا آئی ایٹ میں سوشل میڈیا ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ سے سائبر ٹیم کے ذمہ دار محمد اسماعیل اور جماعة الدعوة سوشل میڈیا اسلام آباد کے ناظم رضوان وسیم نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا ورکشاپ میں یونیورسٹیز کے طلباء سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شفیق الرحمن نے کہا کہ پاکیزہ کردار کے حامل نوجوان ملکی ترقی میں بہترین کردار اد کر سکتے ہیں۔ انٹرنیٹ کے ذریعے دعوت دین کا کام موثر انداز سے کیا جا سکتا ہے۔ نوجوان سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کرتے ہوئے اسلام کے دفاع اور مسلم معاشروں میں باہمی اخوت کی فضا قائم کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔ محمد نے اسمائیل نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے ذریعے نظریاتی بنیادوں پر قوم کو آپس میں لڑایا جا رہا ہے۔

نوجوان پروپیگنڈہ کا شکار ہونے کی بجائے سوشل میڈیا سائٹس کو احتیاط کے ساتھ دعوت دین کے لیے استعمال کریں۔ سوشل میڈیا اسلام آباد کے ناظم رضوان وسیم نے کہا کہ سوشل میڈیا کی مقبولیت میں بڑی تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے۔ ہمیں دیکھنا یہ ہے کہ اس کے ذریعے مثبت تبدیلی کیسے لائی جا سکتی ہیں۔