مصری عالم نے لائیو ٹی وی پروگرام میں فون کال پر خاتون کا ’جن‘ نکال دیا!

ہفتہ 27 دسمبر 2014 19:54

مصری عالم نے لائیو ٹی وی پروگرام میں فون کال پر خاتون کا ’جن‘ نکال ..

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء)جنات اور بھوت پریت کے حوالے سے ضعیف الاعتقادی کے واقعات اکثرسوشل میڈیا پر آتے رہتے ہیں۔ بعض جعلی عامل تو جن نکالنے کی آڑ میں سادہ لوح عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے طرح طرح کے ڈرامے رچاتے اور انہیں لوٹتے ہیں۔اسی نو عیت کا واقعہ مصر میں پیش آیا ہے جہاں ایک یونیورسٹی کے پروفیسر اور عالم دین نے لائیوٹی وی پروگرام میں فون پر خاتون کا جن نکالنے کا دعویٰ کر دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق جن نکالنے والے علامہ موصوف احمد عبدہ عوض کے نام سے جانی پہنچانی شخصیت ہیں جو ایک مذہبی ٹی وی”الفتح“ کے مالک بھی ہیں اورخود جامعہ طنطا میں لغت اور اسلامیات کے استاد بھی ہیں۔ انہوں نے ایک ٹی وی پروگرام میں لائیو کال کرنے والی ”عبیر“ نامی خاتون کا نہ صرف جن نکالنے کا اعلان کیا بلکہ دعویٰ کیا کہ خاتون کی جان چھوڑنے والے جن نے ان کی ہدایت پر اسلام بھی قبول کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے بقول خاتون کو چھوڑنے والے جن نے ان کے ہاتھ سے نہ صرف اسلام قبول کیا بلکہ ان کی آواز میں اذان سننے کی فرمائش کی چنانچہ انہوں نے لائیو پروگرام میں جن کی’فرمائش‘ پر اذان بھی دی۔ خاتون سے چمٹے جن کو نکالنے کے اس واقعے کی ویڈیو فویٹج سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ مقبول ہو رہی ہے اور لوگ اس پر طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں بھرپور تبصرے کرتے ہوئے علامہ موصوف کے’فن‘ کی داد دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر شہریوں نے عوام الناس میں ضعیف الاعتقادی پھیلانے والے مذہبی عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔