الخدمت خواتین کی نگراں نویدہ انیس کا ٹیم کے ہمراہ تھرپارکر کا دورہ ،کھدائی کے کام کا آغاز ہوگیا

ہفتہ 27 دسمبر 2014 19:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) الخدمت خواتین کی نگراں نویدہ انیس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تھرپارکر کا دورہ کیا اور الخدمت خواتین کے تحت کنویں کی کھدائی کے کام کا آغاز کیا گیا جبکہ وہ مٹھی اسپتال بھی گئیں جہاں انہوں نے مریض بچوں کی عیادت کی اور بطور تحائف ان میں مختلف اشیا تقسیم کیں۔ بعد ازاں انہوں نے زیرتعمیر مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر (MCHC) کا دورہ کیا اور تعمیرات کا معائنہ کیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہیں اسپتال کی تعمیرات اور اب تک ہونے والے کاموں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ سیکریٹری الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اعجازاللہ خان‘ شہناز اقبال‘ ناصرہ الیاس‘ فریدہ جمیل‘ عائشہ سعد‘ سبحان اللہ سمیجو ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

نویدہ انیس نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اور الخدمت خواتین تھرپارکر کے عوام کی خدمت میں مصروف ہے اور یہاں بڑے پیمانے پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی تھر کی بہت خدمت کی آئندہ بھی کریں گے۔ رضا الٰہی کے حصول کیلئے جس قدر ممکن ہوسکتاہے ہم خدمت کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن تھر میں صاف پانی سمیت دیگر منصوبوں پر کام کررہی ہے اور وہاں جاری سیکڑوں منصوبوں سے بڑی تعداد میں لوگ استفادہ کررہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ الخدمت خواتین اس مشن میں الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ ہے اور منصوبوں میں ہر ممکن مدد کرے گی۔