نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام سال 2015ء کے لیے کتابی سائز میں ”غزل اس نے چھیڑی“ کے نام سے ”غزل کیلنڈر“ شائع ہو گیا

ہفتہ 27 دسمبر 2014 19:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام سال 2015ء کے لیے کتابی سائز میں ”غزل اس نے چھیڑی“ کے نام سے ”غزل کیلنڈر“ شائع ہو گیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا واحد ٹیبل کیلنڈر ہے جس میں سال کے 365 دنوں کے مطابق 365 شعراء کی نمائندہ ایک ایک اُردو غزل شامل ہے اور عصرِ حاضر کے غزل کے معتبر شعراء کی مکمل اور بھرپور نمائندگی ہے۔

تمام شعراء کی ولادت یا وفات کی تاریخیں ، ہر شاعر کی رنگین تصویر اور خوبصورت پینٹنگز نے ہر ورق کو پُرکشش اور دیدہ زیب بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

ولی دکنی، میر تقی میر، مرزا اسد اللہ خاں غالب، علامہ اقبال، فیض احمد فیض، احمد فراز، پروین شاکر، افتخار عارف، اور بہت سے دوسرے اہم شعراء کی معروف غزلیں شامل ہیں۔ تحقیق و انتخاب محبوب ظفر کا ہے جب کہ خوبصورت ڈیزائننگ منصور احمد کی ہے۔

اس میں وہ غزلیں منتخب کی گئی ہیں جو معیار و مقبولیت کے اعتبار سے سرِفہرست ہیں۔ کسی بھی ٹیبل پر اس غزل کیلنڈر کی موجودگی یوں ہے جیسے اعلیٰ شعروں کا ایک خوشنما گلدستہ چشم احساس کے سامنے ہو۔ اہلِ علم و دانش اور عام شائقینِ غزل کے لیے این بی ایف کا یہ غزل کیلنڈر 2015ء کے بہترین تحفے کی حیثیت رکھتا ہے اور ذوقِ سلیم کا عمدہ نمونہ ہے۔