ملک میں یورپی یونین اور سیکولر لابی کے کہنے پر سزائے موت کو روکا گیا تھا،لیاقت بلوچ،

سزائے موت کے عمل کو روکنے سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا، انتشار کرپھیلا کر پاکستان کو غیر محفوظ ملک ثابت کرنا امریکی ایجنڈا ہے،عشائیہ سے خطاب

ہفتہ 27 دسمبر 2014 18:58

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملک میں سزائے موت کے عمل کو روکنے سے دہشتگردی میں اضافہ ہوا ،یورپی یونین اور سیکولر لابی کے کہنے پر سزائے موت کوروکا گیا ،دشمن ہمیں مسلکوں ، علاقوں اور قومیت کی بنیاد پر تقسیم کرناچاہتاہے اور اس کا اصل ہدف ایٹمی قوت کی حامل اسلامی مملکت کو ٹکڑے ٹکڑے کرنا ہے ۔

یہ پاکستان میں انتشار اور انارکی پھیلا کر اسے ایک غیر محفوظ ملک ثابت کرنا امریکی ایجنڈا کا حصہ ہے ، بحیثیت قوم ہماری ذمہ داری ہے کہ ان سازشوں کو ناکام بنائیں ،پیپلز پارٹی کی طرح ن لیگ بھی اپنے انجام کی طرف بڑھ رہی ہے،موجودہ حالات میں جماعت اسلامی جیسی دیانت دار قوت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی فیصل آباد سٹی کی جانب سے دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پا کستان کلمہ کی بنیاد پر قائم کی گئی ریاست ہے، امریکہ اور بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے ذریعے اسے ناکام ریاست قرار دے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کرنا چاہتے ہیں ،دہشت گردی کے ہر واقعہ کو دین اور اسلام سے جوڑ کر اپنی من پسند لا دینیت مسلط کرنے کی ناکام کو شش کی جارہی ہے ، ۔ ا سلام دشمن طاقتیں پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتی ہیں، ہمیں فرقہ بندی ، علاقائی تعصب اور شدت پسندی سے نکل کر دفاع پاکستان اور اتحاد امت کے لیے جدوجہد کرنا ہو گی۔

ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام سیاسی وعسکری قیادت کامتحداوریکجان ہوناخوش آئند اور قابل تحسین امر ہے۔اب نوازحکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اندرونی وبیرونی دہشت گردعناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کرے تاکہ ملک میں امن کاقیام ممکن ہوسکے۔۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ لوگ اسی طرح دہشت گردی کانشانہ بنتے رہے تو اسلام و پاکستان دشمن قوتوں کے مکروہ عزائم کو تقویت ملے گی اور خطے میں دہشت گردوں کا راج ہوگا، امریکہ بھارت اور اسرائیل جیسی قوتیں پاکستان میں انتشار پھیلا کر ملک کو تقسیم کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ امت مسلمہ کی تاریخ ہے کہ ہر دور میں اس کے اندر حق کا جھنڈا بلند کرنے والے لوگ موجود رہے ہیں اور جماعت اسلامی بھی آج حق کا جھنڈا بلند رکھنے کی جدو جہد کر رہے ہیں آج یہ جھنڈا ہمارے ہاتھوں میں ہے اور ہمیں اس کو ساری دنیا میں بلند رکھنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حکمرانوں سے بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان چار صوبوں ، پہاڑوں اور زمین کا نام نہیں بلکہ ایک عقیدے اور نظریے کا نام ہے اور اس کی بنیاد کلمہ لا الہ الا اللہ ہے ۔

پاکستان غریب نہیں بلکہ ہر طرح کے معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے لیکن حکمرانوں کی کرپشن اور وسائل کی لوٹ کھسوٹ کی بدولت نام نہاد حکومتوں نے پاکستان کو ایک مقروض ملک اور اس کے عوام کو ذلیل و خوار کر کے رکھ د یاہے ۔ انہوں نے کہا کہ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا تھا اس لئے یہاں اسلامی اصولوں پر رائج قوانین ہی ملک کو ترقی اور خوشحالی کی منزل پر لے جا سکتے ہیں، آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک جیسے صیہونی اداروں کے چنگل سے نکلنے کیلئے ہمیں اسلامی معیشت اور خود انحصاری کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کوایٹم بم سے زیادہ اتحادکی ضرورت ہے۔ پوری قوم ملک میں امن وامان کے لیے فکر مند ہے ۔ سب سیاسی جماعتوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر پاکستان کی سلامتی کے لیے کام کرنا چاہیے،اس موقع پر ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ،مولاناانور کلیم ،زونل جنرل سیکرٹری میاں عطاالرحمان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :