ہر چیز حکومت پر نہیں چھوڑی جاسکتی ،ہر شہری بھی اپنا کردار ادا کرے ‘ چیف سیکرٹری پنجاب

ہفتہ 27 دسمبر 2014 17:41

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری ہسپتالوں میں صحت اور علاج ومعالجہ کی جدید سہولتوں میں اضافہ کے لئے خطیر رقوم خرچ کررہی ہے تاکہ غریب عوام کی ان کے قریبی ہسپتالوں میں تمام ضروریات پوری ہوسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ہسپتال وزیرآباد میں40 بستروں کے ٹراماسنٹر اور 15 بستروں کے گائنی وارڈ کے تعمیراتی منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

تحصیل کے اس بڑے عوامی منصوبے پر 10 کروڑ روپے سے زائد فنڈز خرچ ہونگے اور یہ ایک سال کے عرصہ میں پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔کمشنرگوجرانوالہ ڈویژن شمائل احمد خواجہ، سیکرٹری ہیلتھ جواداحمد، ڈی سی او عظمت محمود، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز بھی تقریب میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے محکمہ تعمیرات کے افسران کو ہدایت کی کہ بہترین منصوبہ بندی اور ترقیاتی حکمت عملی اختیارکرتے ہوئے ان منصوبوں کی تکمیل مقررہ مدت سے پہلے یقینی بنائی جائے تاکہ تحصیل کے بیسیوں دیہات کے افراد ان سے پوری طرح مستفید ہوسکیں۔

ایس ای بلڈنگ نے چیف سیکرٹری کو تعمیراتی منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔نوید اکرم چیمہ نے کہا کہ صحت کی بنیادی سہولتیں ہر سرکاری ہسپتال اور دیہی مراکز صحت میں یقینی بنائی جارہی ہیں جہاں پر کوالیفائیڈ ڈاکٹرز اور عملہ کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ جدید طبی آلات کی فراہمی بھی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے ایسے کاموں پر بھرپورتوجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اوران کے منصوبوں کے ثمرات سے عوام کو یقینی طور پر مستفید کرنے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

بعد ازاں چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ نے جم خانہ گجرات کا سنگ بنیاد رکھی اور منصوبے پر ساڑھے تین کروڑ روپے لاگت آئے گی ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور کھیلوں کے فروغ پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی طرح گجرات کی بزنس کمیونٹی بھی شہر کی ترقی کیلئے میگا پراجیکٹس شروع کرے کیونکہ کمیونٹی کی شرکت کے بغیر ترقی ممکن نہیں ۔چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ ہر چیز حکومت پر نہیں چھوڑی جاسکتی لہذا اس سلسلے میں ہر شہری اپنا کردار ادا کرے ۔

متعلقہ عنوان :