ایل ڈی اے شہر میں تین نئے ترقیاتی منصوبے شروع کریگا ‘ 2ارب 12کروڑ روپے لاگت آئیگی ‘ گورننگ باڈی نے منظوری دیدی

ہفتہ 27 دسمبر 2014 17:41

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی نے شہر میں 2ارب 12کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے 3نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کرنے کی انتظامی منظور ی دیدی جبکہ ایل ا و ایس فیروز پورروڈ سے ملتان روڈ تک زیر تعمیر دو ریہ سڑک کے منصوبے کے لئے بقایا فنڈز کی فراہمی کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس گزشتہ روزوائس چیئر مین ایل ڈی اے خواجہ احمد حسان کی زیر صدارت90شاہراہ قائد اعظم پرمنعقد ہوا جس میں لاہور سے رکن صوبائی اسمبلی باؤ محمد اختر‘ قصور سے محمد یعقوب ندیم سیٹھی اور ننکانہ صاحب سے رانا محمد ارشد ‘ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احد خاں چیمہ ‘مینجنگ ڈائریکٹر واساچودھری نصیر احمد‘ ایل ڈی اے کی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ہیڈ کوارٹر ) آمنہ منیر‘ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ( ہاؤسنگ )عمارہ خان ‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن ‘ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘ چیف میٹرو پولیٹن پلانر وحید احمد بٹ‘ چیف ٹاؤن پلانر چودھری محمد اکرم اور صوبائی محکمہ ہاؤسنگ‘ منصوبہ بندی ، بلدیات اور خزانہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایک ارب52کروڑ روپے کی لاگت سے جیل روڈ او رمین بلیو وارڈگلبرگ پر سنگل فری راستے بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ٹھوکر نیاز بیگ سے واپڈا ٹاؤن گول چکر تک سدرن بائی پاس روڈ کی بہتری کے لئے 17کروڑ 20لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے ‘کا ہنہ کاچھا ریلوے سٹیشن کے قریب ریلوے لائن پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا‘منصوبے کے لئے حصول اراضی اور یوٹیلٹی سروسز کی منتقلی کا کام ایل ڈی اے انجام دے گا جس پر 42کروڑ 32لاکھ روپے لاگت آئے گی جبکہ فلائی اوور کی تعمیراتی لاگت پرائیوٹ کمپنی برداشت کرے گی ۔

اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ 61ہزار کنال پر مشتمل نئی رہائشی سکیم ایل ڈی اے سٹی میں ترقیاتی کام مرحلہ وار شروع کئے جائیں گے ۔ پہلے مرحلے میں موضع کاہنہ ‘سدھڑ اور ان کے قریبی علاقوں میں ترقیاتی کام کئے جائیں گے ۔سکیم میں داخلے کے لئے فیروز پور روڈ سے کاہنہ کاچھا تک 150فٹ چوڑی نئی سڑک بھی تعمیر کی جائے گی ۔ مختلف سرکاری محکموں کی طرف سے اپنے ملازمین کے لئے ایل ڈی اے سٹی میں علیحدہ بلاک حاصل کرنے میں اظہار دلچسپی اور اس سلسلے میں ان کی درخواستوں پر سکیم میں ان کے لئے علیحدہ جگہ مختص کر دی جائے گی ۔

نئی رہائشی سکیموں جوبلی ٹاؤن اور ایل ڈی اے ایونیو ون میں عارضی کمرشلائزیشن کی اجازت نہیں ہوگی ۔ایل ڈی اے ایونیوون کے پلاٹ مالکان کو قبضے دینے کا کام جاری ہے ، ان کا بلڈنگ پیریڈقبضہ لیٹر کے اجراء کے بعد تین سال ہو گا ۔اجلاس میں انرجی کمپلیکس کی تعمیر کے لئے سوک سنٹر جوہر ٹاؤن کے دو پلاٹ نمبر67اور 67سی ریزرو پرائس پر انرجی ڈیپارٹمنٹ کو الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

شفاف اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق پانی کی فراہمی کے لئے بوٹلڈ واٹر پلانٹ کی تنصیب کے لئے واسا کو سوک سنٹر جوہر ٹاؤن کے دو پلاٹ نمبر68اور68اے اور تاج پورہ میں پلاٹ نمبر115اور 116سی الاٹ کر دئیے گئے۔ اجلاس میں ایل ڈی اے میں ملازمت کرنے والے ڈرائیوروں کو سنیارٹی کی بنیاد پر گریڈ 5سے گریڈ7میں ترقی دینے اور ڈسپیچ رائیڈرز کو گریڈ 3سے7میں ترقی دینے کے لئے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے نوٹیفکیشن پر عمل در آمد کا فیصلہ کیا گیا ۔

حکومت پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق دوران ملازمت انتقال کرجانے والے ملازمین کے لواحقین کو دی جانے والی مالی امداد میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ گریڈ 1تا 4کے انتقال کرجانے والے ملازم کے اہل خانہ کو چار لاکھ گریڈ ‘5تا 10کو چھے لاکھ ‘گریڈ 11تا 15کو آٹھ لاکھ ‘گریڈ 16اور 17کو 10لاکھ ‘گریڈ 18اور 19کو 16لاکھ اورگریڈ 20اور اس سے اوپر کے ملازم کے لواحقین کو 20لاکھ روپے دئیے جائیں گے ۔