دہشت گردوں کی بیرونی فنڈنگ فوری روکی جائے، عزیزاللہ مروت

ہفتہ 27 دسمبر 2014 17:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد لائرز ونگ کے نائب صدر عزیزاللہ مروت نے کہا ہے کہ۔دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان کے حق میں بیان دینے والوں کو کٹہرے میں لانا از حد ضروری ہے جسے اب تک نظر انداز کیا گیا۔ اگر اب بھی مصلحتوں سے کام لیا گیا تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی اور ہم کف افسوس ملتے رہیں گے۔

عوامی تحریک فوجی عدالتوں کے قیام کا خیر مقدم کرتی ہے ،ڈاکٹر طاہر القادری کے 14نکات میں سے 8نکات حکومت کے 20نکاتی ایجنڈے میں شامل ہیں تا ہم دہشت گردوں کی فنڈنگ روکنے کی بات تو کی گئی مگر مدرسوں کو ملنے والی فنڈنگ روکنے کا ذکر نہیں ہوا ،مدرسوں کی رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ متفقہ نصاب کی تیاری اور اصلاحات بھی ناگزیر ہیں، ورنہ مسئلہ حل نہیں ہو گا ،وزیر اعظم نے قومی ایکشن پلان میں تاخیر قومی نقصان ہوگا۔

(جاری ہے)

ایسی آوازیں آ رہی ہیں کہ اے پی سی میں شریک بعض جماعتیں 100 فی صد 20نکاتی ایجنڈے پر متفق نہیں ہیں،اس تاثر کو زائل ہونا چاہیے،انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر فوری عمل کیا جائے۔ ایکشن پلان پر عمل درآمد سے بہترنتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک دہشت گردی کے خلاف حکومتی عمل درآمد کے حوالے سے کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔اور دہشت گردی کے خاتمے تک پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔