اسلامی ،خوشحال اور پُر امن پاکستان کی منزل دور نہیں‘ میاں مقصوداحمد

ہفتہ 27 دسمبر 2014 17:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) امیر جماعت اسلامی لاہورمیاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ اسلامی،خوشحال اور پرامن پاکستان کی منزل قطعاً دورنہیں،عوام کے اندر بیداری کی فضاپیدا ہوچکی ہے ،میری چھٹی حس مجھے کہنے پر مجبورکرتی ہے کہ ہم درست سمت کا انتخاب کریں اور پھر اس پر ثابت قدمی کامظاہرہ کریں ،اپنے اندر اختلافات کو پیدا نہ ہونے دیں اور اپنے حقیقی ہدف پر نظر رکھی جائے تو ہم یقینا اپنی منزل کو پالیں گے۔

ایک پرامن ،اسلامی اور خوشحال پاکستان کی منزل قطعاً نا ممکن نہیں۔ بس صرف صدق دل سے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے اور اللہ تعالیٰ کوشش کرنے والوں کو مایوس نہیں ہونے دیتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی لاہور کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں خلیق احمد بٹ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور،نائب امراء ذکراللہ مجاہد،محمد انورگوندل اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد نے شرکت کی ۔

میاں مقصود احمد نے کہا صرف فوج کو تمام ذمہ داریاں سونپ دینے سے حکومت عہدہ بر آ نہیں ہوسکتی،بلکہ جمہوریت شرمندہ ہوتی ہے۔سول اورملٹری انٹیلی جنس اداروں کے مابین ہم آہنگی لازم ہے اور ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھانا ضروری ہیں۔ پورے ملک میں ہر محلے اور گاؤں کی سطح پر ایک ہمہ گیر نوعیت کی فضا بنانے اور معاشرے کے تمام طبقات کو ایک پیج پر کرنے کی ضرورت ہے۔برطانیہ اور سری لنکا نے آئرلینڈ اور تامل ناڈؤ شورش کے خلاف جو حکمت عملی بنائی اس سے سبق سیکھنا ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :