آئی جی سندھ نے چپ تعزیئے کے جلوس کی سیکورٹی سخت کر نے کے احکا ما ت جا ری کر دئیے

ہفتہ 27 دسمبر 2014 16:59

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے پولیس کو ہدایت جاری کیں کہ چپ تعزیئے کے جلوس کے موقع پر ہائی الرٹ رہتے ہوئے سیکورٹی اقدامات کو انتہائی ٹھوس بنایا جائے جبکہ اس سلسلے میں نکالے جانے والے چھوٹے بڑے جلوسوں اور منعقد کی جانے والی مجالس کی سیکورٹی کیلئے ڈسٹرکٹ/ تھانوں کی سطح پر علمائے کرام اور منتظمین سے باقاعدہ روابط پر خاص توجہ دی جائے علاوہ ازیں شہر کی 460 امام بارگاہوں اور 4317 مساجد اور 251 مزارات پر بھی غیر معمولی سیکورٹی کے تمام امور کو بھی یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی‘ حیدرآباد اور سکھر پولیس رینجز کی سطح پر جامع کنٹی جنسی منصوبے ترتیب دیئے جائیں جن کے تحت تمام تھانوں کے مجموعی سیکورٹی فرائض کا احاطہ کرکے انہیں اپنی اپنی حدود میں قائم مساجد‘ مدارس‘ امام بارگاہوں اور مزاروں وممکنہ حساس مقامات پر پولیس سیکورٹی ڈپلائمنٹ روزانہ کی بنیاد پر رینڈم اسنیپ چیکنگ وغیرہ کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ کی ترتیب اور تمام پبلک مقامات پر شہریوں کی حفاظت کا پابند بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایات دیں کہ اسپیشل برانچ کے مختلف شعبوں کے ساتھ ساتھ بم ڈسپوز اسکواڈ کی بھی اضلاع کے لحاظ سے تعیناتیوں اور متحرک رکھنے کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مرتب کئے جانے والے سیکورٹی منصوبوں میں تمام تھانہ جات کو انٹیلی جنس اطلاعات کے حصول بروقت ایکشن تعمیلی رپورٹس‘ علاقوں میں موثر سراغ رسانی‘ کڑی نگرانی‘ ریکی اور سادہ لباس میں اہلکاروں کی تعیناتیوں کا بھی پابند بنایا جائے۔

انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ صوبے اور بالخصوص شہروں کے داخلی وخارجی راستوں پر ناکہ بندی اور چیکنگ مزید سخت کی جائے جبکہ شہروں کے ممکنہ حساس علاقوں میں رینڈم اسنیپ چیکنگ اور پیٹرولنگ کو مربوط اور موثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تھانہ جات جوائنٹ ایکشن پلان کے تحت جرائم کی روک تھام اور ملوث ملزمان وگروہوں کے خلاف چھاپہ مار کارروائیوں اور ٹارگٹڈ ایکشن میں مزید تیزی لائیں۔

آئی جی سندھ کو ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ غیر معمولی سیکورٹی اقدامات کے تحت جلوسوں میں خصوصی اجازت ناموں کی حامل گاڑیوں کو ہی شرکت کی اجازت ہوگی۔ ڈی آئی جی ٹریفک کے ایک اعلامیے کے مطابق جلوس میں شرکت کیلئے گاڑیوں کا اجازت نامہ (پاس اسٹیکر) حاصل کرنے کیلئے دفتر DIGP ٹریفک کراچی (سیکورٹی برانچ) گارڈن ہیڈ کوارٹر‘ آغا خان سوئم روڈ کراچی سے 27 تا 29 دسمبر 2014 تک درخواست جمع کرائیں اور 30 دسمبر 2014ء کو اسٹیکر حاصل کرسکتے ہیں۔

(گورنمنٹ ادارے دفتری لیٹر کے ساتھ جبکہ میڈیا اور ایمبولینس کیلئے لیٹر کے ساتھ گاڑیوں کے کاغذات‘ ڈرائیور کے لائسنس‘ CNIC اور 2 عدد تصاویر کے ساتھ رجوع کریں) نیز اسکاؤٹس‘ انجمنوں‘ فلاحی ادارے‘ سبیل نذر ونیاز کی گاڑیوں کے اسٹیکر حاصل کرنے کیلئے DIGP ٹریفک کراچی کے نام درخواست جس کے ساتھ مندرجہ ذیل اصل دستاویزات اور تصدیق شدہ فوٹو کاپی منسلک ہوں۔ بوتراب اسکاؤٹس کے مرکزی دفتر واقع قصر مصیب رضویہ سوسائٹی (رابطہ نمبر 0321-9258337‘ 0322-2514034 میں 27 تا 29 دسمبر 2014 تک جمع کراکے رسید حاصل کریں اور 30 دسمبر 2014 کو اسٹیکر دفتر DIGP ٹریفک (سیکورٹی برانچ) گارڈن ہیڈ کوارٹر‘ آغا خان سوئم روڈ کراچی سے رسید دکھا کر اسٹیکر حاصل کریں۔

متعلقہ عنوان :