فیصل آباد، مقامی سول جج گیس چوری کے مقدمہ میں تفتیش کرنے والے پولیس افسر کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی کا حکم دیدیا

ہفتہ 27 دسمبر 2014 16:49

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) مقامی سول جج/جوڈیشل مجسٹریٹ حسن عباس سید نے تھانہ بٹالہ کالونی کی ایک فیکٹری حفیظ ڈائنگ بلال ٹاؤن کے مالک محمد حفیظ کو گیس چوری کے مقدمہ میں سزا کیساتھ ساتھ سی پی او فیصل آباد کو تحریری طور پر ہدایت کی ہے کہ گیس چوری کے مقدمہ میں تفتیش کرنے والے پولیس افسر کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں گیس چوری کرنے پر فیکٹری مالک حفیظ کو گذشتہ روز پانچ سال قید اور تیس لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں تحریر کیا ہے کہ گیس چوری کے مقدمات جو مختلف تھانوں میں درج کئے جاتے ہیں‘ متعلقہ پولیس کے تفتیش افسر فیکٹری مالکان سے سازباز کرکے ملزمان کا عدالت میں چالان پیش کرتے وقت اسے بچانے کیلئے غیرقانونی حربہ اختیار کرتے ہیں جس سے مقدمہ کی افادیت ختم ہوجاتی ہے لہٰذا گیس چوری کے مقدمات جو کہ مختلف تھانوں میں درج ہیں ان کی ناقص تفتیش کرنے والے متعلقہ تفتیشی افسروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے اس سلسلے میں متعلقہ پولیس افسران کے علاوہ اعلی پولیس حکام کو بھی اس حکم پر موثر طور پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یاد رہے کہ فیصل آباد کی مختلف فیکٹریوں میں گیس چوری میں ملوث فیکٹری مالکان کیخلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہوچکے ہیں لیکن ملزمان اثرو رسوخ کی وجہ سے پولیس کو بھاری رشوت دے کر مقدمہ کی تفتیش کو خراب کردیتے ہیں جس سے ملزم عدالت سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :