وزیراعلیٰ شہباز شریف سے لاہور پریس کلب کے صدر کی قیادت میں وفد کی ملاقات، صحافیوں کے مسائل حل کرنے پر اظہارتشکر

ہفتہ 27 دسمبر 2014 16:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کی قیادت میں صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صحافی برادری کو درپیش مسائل اور صحافی کالونی لاہور کے ترقیاتی امور پر بات چیت ہوئی ۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صحافیوں کے رہائشی مسائل حل کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔

حکومتی اقدامات سے صحافی کالونی لاہور میں مزید 300 صحافیوں کو چھت فراہم کی گئی ہے۔ صحافی کالونی میں ایف بلاک کا اضافہ حکومت کا صحافیوں کیلئے رہائشی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا منہ بولتاثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلی فرصت میں ایف بلاک کا افتتاح کروں گا اور بہت جلد لاہور پریس کلب کا دورہ بھی کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحافی کالونی میں صحافیوں کے بچوں کو تعلیم کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے سینٹر آف ایکسی لینس قائم کیا جائے گا اور صحافی برادری کو علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ڈسپنسری بھی بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صحافی کالونی میں کمرشل ایریا کی ڈویلپمنٹ کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ لاہور پریس کلب کے باہر ٹریفک کا مسئلہ حل کرنے کے حوالے سے متعلقہ حکام سے میٹنگ کرکے قابل عمل منصوبہ بنایا جائے ۔ لاہور پریس کلب کے صدر اور صحافیوں کے وفد نے صحافی کالونی میں تیز رفتاری سے ترقیاتی کام کرانے اور دیگر امور پر پیش رفت کے حوالے سے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ شہباز شریف عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں اور وہ جو کہتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ، سگنل فری آزادی چوک اور دیگر فلاحی منصوبے وزیراعلیٰ کی عوام دوستی کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے لینڈ سکیپنگ کے حوالے سے لاہور کو خوبصورت ترین شہر بنا دیا ہے اور ہمیں یہاں ہوتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم یورپ کے کسی شہر میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے مزید تین سو صحافیوں کو چھت فراہم کرکے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری، پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات رانا ارشد، سیکرٹری اطلاعات مومن آغا، پریس سیکرٹری شعیب بن عزیز اور ڈی جی پی آر اطہر علی خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں سابق سیکرٹری لاہور پریس کلب شفیق اعوان، سیکرٹری پریس کلب محمد شہباز میاں، نائب صدر افضال طالب، ذوالفقار علی مہتو، گوہر بٹ، جاوید فاروقی، صدر پنجاب یونین آف جرنلسٹ وسیم فاروق شاہد، صدرپنجاب یونین آف جرنلسٹ (دستور گروپ) حامد ریاض ڈوگر، جنرل سیکرٹری ایمرا ندیم چوہدری، فرزانہ چودھری اور لاہور فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عمر شریف شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :