کالعدم تحریک طالبان کے اہم کمانڈر امان اللہ عرف عرفان خراسانی سمیت تین دہشتگرد گرفتار

ہفتہ 27 دسمبر 2014 15:53

چارسدہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) پولیس کارروائی کے دوران چارسدہ سے کالعدم تحریک طالبان کا اہم کمانڈر امان اللہ عرف عرفان خراسانی سمیت تین دہشتگرد وں کو بھاری تعداد میں اسلحہ و بارود سمیت گرفتار کرلیا گیا ۔ڈی آئی جی مردان ریجن سعید خان وزیر نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کالعدم طالبان خائستہ گروپ کا اہم کمانڈر امان اللہ عرف عرفان خراسانی ٹرک کے ذریعے مہمند ایجنسی سے چارسدہ آ رہا ہے جس پر چارسدہ پولیس کو الرٹ کر دیا گیا اور یکہ غنڈ چیک پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد کو گرفتار کر لیا اور اسکے سر کی قیمت پچاس لاکھ روپے مقرر تھی ۔

انہوں نے بتایا کہ امان اللہ عرف عرفان خراسانی اے این پی چارسدہ کے رہنما شاہ جہان خان ، ہیڈ کانسٹیبل ایاز خان اور نجی ٹی وی کے مہمند ایجنسی کے نمائندے مکرم خان کے قتل کے علاوہ گیارہ دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب تھا ۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ چارسدہ ہی سے دو اہم دہشتگرد وسیع اللہ عرف ابوبکر جس کا تعلق افغانستان سے ہے جبکہ روح اللہ ساکن شب قدر کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے 150کلو باردوی مواد ،100 گز پرائما کارڈ اور 50 سیفٹی فیوز بھی برآمد کر لئے گئے ۔ڈی آئی جی مردان نے مزید بتایا کہ مختلف اضلاع میں سرچ آپریشن جاری ہے اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :