پنجاب اسمبلی کے سٹاف کو وقت کی پابندی ،دفتری قواعد و ضوابط پر عمل کرنے کی ہدایت

اراکین اسمبلی کی عزت و احترام کا خیال رکھا جائے،خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائیگی‘ رائے ممتاز حسین بابر

ہفتہ 27 دسمبر 2014 15:49

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) سینئر سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین بابر نے کہا ہے کہ وقت کی پابندی کے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا،اسمبلی سیکرٹریٹ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے سٹاف کی ٹریننگ اور رفریشر کورسز کا اہتمام کیا جارہاہے۔ پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں اسمبلی کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کی اسپیکر رانا محمد اقبال خاں نے ہمیشہ شفقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سٹاف کی بہتری کو مقدم جانا ہے۔

اراکین اسمبلی کی عزت و احترام کا ہرصورت میں خیال رکھا جائے۔ قواعد وضوابط کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔رائے ممتاز حسیں بابر نے کہاکہ محنتی افسران و اہلکاران لائق تحسین ہیں۔بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصول ’کام کام اور صرف کام‘ پر عمل پیرا ہو کر ہم پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سیکرٹری قانون سازی خالد محمود نے اپنے آسٹریلیا کی پارلیمنٹ کے حالیہ دورہ سے متعلق بتاتے ہوئے آسٹریلوی پارلیمنٹ اور پارلیمانی کمیٹیوں کی کارکردگی اور اسمبلی کی کاروائی کے طریقہ کار سے متعلق بریفنگ دی جس میں اسمبلی افسران نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا خالد محمود نے آسٹریلوی پارلیمنٹ کے بارے میں کئے گئے سوالات کے بھی تسلی بخش جوابات دیئے۔