بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے بغیر جمہوریت کا تصور بھی نا مکمل ہے ‘ چوہدری محمد سرور

ہفتہ 27 دسمبر 2014 15:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا ہے کہ جمہوریت کا اصل مقصد عوام کے حالات اور انکی زندگی میں بہتری لانا ہے اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے بغیر جمہوریت کا تصور بھی نا مکمل ہے ،سانحہ پشاور نے پوری قوم کو متحد کر دیا ہے تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کا یہ اتحاد عارضی نہیں ہونا چاہیے بلکہ ملک کے وسیع تر مفاد کی خاطر ہر اہم ایشو پر اتفاق رائے پر چلنا ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 101ویں نیشنل مینجمنٹ کورس میں شرکت کرنے والے اعلیٰ افسران سے خطاب کے دوران کیا ۔ جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جمہوریت پرمحض مخصوص طبقے کی اجارہ داری کو ختم کرکے اس سے مقامی حکومتوں کے نظام کے ذریعے نچلی سطح پر منتقل کیا جائے اور عام آدمی کو با اختیار بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طاقت کا اصل مقصد اپنی ذات سے نکل کر دوسروں کے متعلق سوچنا ہے اور طاقت کو عام آدمی کی بہتری کے لئے استعمال کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہے جو بیروں ملک جا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتی ہے تا ہم اپنے ملک میں یہی لوگ اپنی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ نہیں کر پاتے جسکی وجہ سے ہمارے ہاں سسٹم کی کمزوری ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ نظام کی بہتری کے لیے محض چہرے بدل دینا ہی کافی نہیں اس کے لیے روایتی ذہنیت کو تبدیل کرنا ہو گا ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وطن کی خدمت ہی انکی زندگی کا مقصد رہا ہے اور وہ جس پوزیشن پر بھی رہے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کوشاں رہے۔ انہوں نے کہا کہ بیورو کریسی ہمارے ملک کا تعلیم یافتہ اور ذہین طبقہ ہے جنکی بھرپور شرکت سے ہی حکومتی پالیسیوں کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی کے بڑے بڑے عہدے در حقیقت عوام ہی کی امانت ہیں اور انہیں بہتر انتظامی امور اور خدمت کے جذبے کے ذریعے یہ امانت عوام کو لوٹانی ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پسماندہ اور محروم علاقوں کی ترقی ہمیشہ سے انکا مطمع نظر رہا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ گلوبل ایجوکیشن فنڈ میں سب سے زیادہ حصہ بلوچستان کا رکھا گیا ہے ۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر افسران کے اہم سوالات کے بھی جوابات دیئے اور اہم قومی امور پر انہیں اپنے نقطہ نظر کے بارے میں آگاہ کیا۔ قبل ازیں پنجاب کے ریٹائرڈ ہونے والے چیف سیکرٹری نوید اکرم چیمہ نے گورنر ہاؤس لاہور میں پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور سے الوداعی ملاقات کی ۔

گورنر پنجاب نے بطور چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ایک ذمہ دار‘فرض شناس افسر کے طور پر اپنی خدمات سر انجام دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ایسے ہی با اصول افسران کی ضرورت ہے جن کے روزو شب ملک و قوم کی خدمت سے عبارت ہوں ۔ نوید اکرم چیمہ نے گورنر پنجاب کی طرف سے ان کی خدمات کو سراہنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔