انشاء الله پاکستان سے ہمیشہ کیلئے دہشتگردی کی لعنت ختم ہوگی ،ملک ایک بار پھر امن وسلامتی کا گہوارہ بنے گا‘ سردار شیر علی گورچانی

ہفتہ 27 دسمبر 2014 14:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی گورچانی نے کہا ہے کہ دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف مثالی اتحاد اور پوری قوم کا اکٹھے ہونااس بات کی دلیل ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کی گھڑی آچکی ہے،انشاء الله پاکستان سے ہمیشہ کے لئے دہشت گردی کی لعنت ختم ہوگی اور ملک ایک بار پھر امن وسلامتی کا گہوارہ بنے گا،دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور حامیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی، نئے عزم اور قومی جذبے کے ساتھ دہشت گردوں کا صفایا کرکے نئی نسل کو پرامن اور محفوظ پاکستان دینے کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائیں گے۔

ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کرنے کیلئے انقلابی اور موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس ضمن میں سول سوسائٹی کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ جنگ پوری قوم کی جنگ ہے ،انشاء اللہ اس میں فتح ہماری ہو گی ۔ پشاور آرمی پبلک سکول میں معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت دہشت گردی کی تاریخ کا بدترین اور المناک واقعہ ہے۔

ماؤں کی گوداجاڑنے والے عبرتناک سزاکے مستحق ہیں ۔سردار شیر علی خان گورچانی نے مزید کہا کہ پاکستان کو توانائی بحران کا سامنا ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے۔ پنجاب میں سولر، بائیوگیس سمیت ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے کام جاری ہے جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ پاکستان میں سولر سے بجلی پیدا کرنے کیلئے اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ قائداعظم سولر پارک جنوبی پنجاب کے ضلع بہاولپور میں بنایا گیا ہے جہاں پنجاب حکومت اپنے وسائل سے پاکستان کا پہلا 100میگاواٹ کا سولر پاور پراجیکٹ لگا رہی ہے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور اس منصوبے سے جلد بجلی کی پیداوار کا آغاز ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :