پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند کا سلسلہ جاری ، ٹریفک حادثات میں 5افراد جاں بحق ،11زخمی

ہفتہ 27 دسمبر 2014 14:00

لاہور/فیصل آباد/قصور/بنوں/کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند کا سلسلہ جاری ہے جسکے باعث فضائی اور زمینی ٹریفک بھی مشکلات کا شکار رہی ،ٹریفک حادثات میں 5افراد جاں بحق جبکہ 11زخمی ہو گئے ،شدیددھند کے باعث فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا جبکہ پی آئی اے نے شدید دھند کے باعث رحیم یار خان،بہاولپور،ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے لئے پی آئی کی پروازیں 2جنوری تک عارضی طور پر معطل کر دیں۔

شدید دھند کے باوجود موٹر وے پولیس نے اس شاہرہ کو بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ موٹروے ایم ٹو پر پنڈی بھٹیاں سے لاہور ، اسلام آباد سے چکری تک شدید دھند رہی تاہم موٹر وے پر گاڑیوں کو قافلے کی صورت میں چلایا گیا جبکہ سفر کے دوران موٹروے پولیس کی گاڑیاں بھی قافلے کے آگے چلتی ر ہیں۔

(جاری ہے)

آئی جی موٹر وے ذوالفقاراحمد چیمہ کا کہنا ہے کہ موٹروے کو بند نہیں کیا جائے گا ۔

نجی ٹی وی کے مطابق شدید دھند کے باعث بیرون ملک سے آنے اور جانے والی 31پروازیں تاخیر کا شکار جبکہ دو فلائیٹس کو منسوخ کرنا پڑا۔ مانچسٹر سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 710دھند کی وجہ سے منسوخ ہوئی جبکہ شارجہ سے لاہور آنے والی نجی ائیرلائنز کی پرواز بھی منسوخ کرنا پڑی۔ بیرون ملک سے آنے والی 16پروازیں جبکہ لاہور ائیرپورٹ سے جانے والی پندرہ انٹرنیشنل فلاٹس تاخیر کا شکار ہوئیں۔

دھند میں کمی کے بعد فلائٹ آپریشن دوبارہ بحال کیا گیا۔ دوسری جانب پی آئی اے نے چار شہروں ملتان، رحیم یار خان، بہاولپور اور ڈیرہ غازیخان کی کے لئے پروازیں 27دسمبر سے 2جنوری تک عارضی طو رپر معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔جبکہ مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ گھروں سے روانہ ہونے سے قبل کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لئے یونیورسل نمبر 111786786پر اپنی پرواز کے وقت روانگی کی تصدیق کر لیں۔

دھند کی وجہ سے گزشتہ روز بھی مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات ہوئے جس میں تین افراد جاں بحق جبکہ 11زخمی ہو گئے ۔قصور میں چنگ چی رکشہ مصطفی آباد سے بڈانہ جاتے ہوئے راستے میں کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گیا ۔ حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ رکشے میں سوار دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونیوالوں کی شناخت عطا اللہ اور مہر وقاص کے نام سے ہو گئی ہے جن کی لاشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں ۔

دونوں بستی قادر آباد قصور کے رہائشی ہیں ۔ شاہ کوٹ کے نزدیک ٹریلر اور ٹرک میں ٹکر سے ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں 2 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔ گوجرہ میں پینسرہ روڈ پر کار موٹر سائیکل سے ٹکرا کر درخت سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے الائید ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا ۔

ساہیوال میں بھی دھند کے باعث اوور ہیڈ برج پر کار اور بس میں ٹکر کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ بنوں کے قریب انڈس ہائی وے پر لانڈی جالندھر کے قریب سڑک کنارے گرتے درخت سے بچتے ہوئے تیز رفتار کار بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ۔ دوسرا ہسپتال میں دم توڑ گیا جبکہ دیگر تین افراد زخمی ہیں۔

متعلقہ عنوان :