Live Updates

وفاقی حکومت تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر قیادت اور کارکنان پر سے مرحلہ وار مقدمات کو واپس لینے لئے رضا مند

جمعہ 26 دسمبر 2014 23:33

وفاقی حکومت تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر قیادت اور کارکنان ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) وفاقی حکومت تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر قیادت اور کارکنان پر سے مرحلہ وار مقدمات کو واپس لینے لئے رضا مند ہوگئی۔ وفاقی حکومت نے تحریک انصاف کو آگاہ کردیا ہے کہ حکومت جوڈیشل کمیشن کے قیام کے بعد تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان پر قائم مقدمات کو واپس لے لے گی اور یہ مقدمات قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد مرحلہ وار واپس لئے جائیں گے۔

حکومتی مذاکراتی ٹیم نے تحریک انصاف کی قیادت کو پیغام بھیجا ہے کہ پی ٹی آئی اپنے اراکین اسمبلی کے استعفے فوری واپس یا استعفے دینے کے فیصلے پر فوری نظر ثانی کرے اور پارلیمنٹ میں آکر دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان کے تحت مرتب کی گئی سفارشات پر قانون سازی میں اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ سینیٹر اسحاق ڈار اور تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ شاہ محمود قریشی مسلسل پس پردہ رابطے میں ہیں۔

جوڈیشل کمیشن اور انتخابی اصلاحات کے حوالے سے پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان تمام معاملات طے پاگئے ہیں۔ پی ٹی آئی کی قیادت نے حکومت کو عندیہ دیا ہے کہ اگر حکومت جوڈیشل کمیشن کے قیام کا اعلان صدارتی آرڈیننس کے ذریعے فوری طور پر کردیتی ہے تو پی ٹی آئی کی قیادت اپنے اراکین اسمبلی کو واپس لے لے گی اور انتخابی اصلاحات کمیٹی کے قیام میں شرکت کے لئے فوری طور پر مشاورت کرکے آئندہ کے لائحہ عمل سے حکومت کو آگاہ کردے گی۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے جوڈیشل کمیشن طے شدہ معاہدے کے تحت قائم کیا تو عمران خان پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کے استعفوں کے معاملے پر فوری نظر ثانی کرسکتے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات