وزارت داخلہ نے موبائل کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز کا اجلاس آج طلب کر لیا،

بائیومیٹرک تصدیق کے امور زیر غور آئینگے، تین ماہ سے غیر استعمال شدہ سمز کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ‘ذرائع

جمعہ 26 دسمبر 2014 23:27

وزارت داخلہ نے موبائل کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز کا اجلاس آج طلب کر لیا،

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء ) وزارت داخلہ نے موبائل کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز کا اجلاس آج ( ہفتہ ) کو طلب کر لیا ،تین ماہ سے غیر استعمال شدہ سمز کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ذرائع کے مطابق آج (ہفتہ )وزارت داخلہ میں طلب کئے گئے اجلاس میں سموں کی بائیومیٹرک تصدیق کے حوالے سے امور زیر غور آئیں گے۔ اجلاس میں موبائل کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو سمیت وزارت آئی ٹی کے حکام اور چیئرمین پی ٹی اے بھی شریک ہونگے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے 28روز میں بائیو میٹرک تصدیق مکمل کرنے کا کہا جار ہا ہے، موبائل کمپنیوں کا موقف ہے کہ 13کروڑ سے زائد سموں کی تصدیق اتنی جلدی ممکن نہیں اور ایک ساتھ تمام سموں کو بند کرنے سے ایک نیا بحران کھڑا ہوجائیگا۔کمپنیوں کا کہنا ہے کہ رواں سال اگست سے ملک بھر میں سم بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ہی فروخت کی جارہی ہیں۔ٹیلی کام ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر ایسی سمیں جنہیں گزشتہ تین ماہ سے کسی بھی صارف نے استعمال نہیں کیاانہیں بند کر دیا جائے گا اور بائیو میٹرک تصدیق کے بعد دوبارہ سمز جاری کی جائیں گی۔صارفین کے زیر استعمال سمز کو بھی بائیو میٹرک تصدیق کے مرحلے سے گزارنے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔