سانحہ پشاور،جماعت اسلامی کی شہداء امن کانفرنس میں شرکت کیلئے مولانا فضل الرحمن کو شرکت کی دعوت

جمعہ 26 دسمبر 2014 23:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری سیاسی کمیٹی بحراللہ خان ایڈوکیت کی قیادت میں جماعت اسلامی کا ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ وفد میں جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ ایڈووکیٹ اور سابق وزیر حافظ حشمت خان شامل تھے۔جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا گل نصیب نے جماعت اسلامی کے وفد کا استقبال کیا اس موقع پرجمعیت علماء اسلام کے نائب امیر مولانا عطاء الرحمان ،سیکرٹری جنرل شجاع الملک ،سیکرٹری اطلاعات جلیل جان اور سابق سینیٹرمولانا راحت حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔

جماعت اسلامی کے وفد کے سربراہ بحر اللہ ایڈوکیٹ نے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر کو جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کے لئیسانحہ پشاور کے حوالے سے" شہداء امن قومی کانفرنس "میں شرکت کا دعوت نامہ پہنچایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری سیاسی کمیٹی بحراللہ خان ایڈوکیٹ نے کہاکہ یکم جنوری 2015کے شہداء امن قومی کانفرنس میں شرکت کی تمام سیاسی جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں کو دعوت دی جارہی ہے اور دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیاجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ سانحہ پشاور پاکستان کا 9/11ہے اور پوری قوم کبھی بھی اس کو بھول نہیں سکے گی۔اس کانفرنس میں دہشت گردی کے خلاف قومی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ جے یو آئی کے صوبائی امیر مولانا گل نصیب نے اس موقع پر کہا کہ جماعت اسلامی کی شہداء امن قومی کانفرنس ایک اہم اقدام ہے اور یہ بات خوش آئند ہے کہ جماعت اسلامی نے اس میں پہل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کے اس اقدام کو سراہتے ہیں۔ اس سے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ ہم دہشت گردی کیخلاف پوری قوم کو متحد دیکھنا چاہتے ہیں۔