سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں فول پروف سکیورٹی کے حوالے سے اقدامات جلد سے جلد مکمل کیے جائیں،شہبازشریف

وزیراعلیٰ کااسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم، پنجاب کے داخلی اورخارجی راستوں کی چیکنگ پر خصوصی توجہ دی جائے،سکیورٹی انتظامات کامیں خود روزانہ جائزہ لوں گا،پنجاب کے تمام اےئر پورٹس پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں ،وزیراعلیٰ کا اجلاسوں سے خطاب

جمعہ 26 دسمبر 2014 23:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری اورنجی تعلیمی اداروں میں فول پروف سکیورٹی کے حوالے سے جلد سے جلد اقدامات مکمل کیے جائیں ۔سکولوں ،کالجوں اور یونیورسٹیوں کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدر آمد یقینی بنایا جائے ۔اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

پنجاب کے داخلی اورخارجی راستوں کی چیکنگ پر خصوصی توجہ دی جائے ۔وہ اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں پنجاب میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ،ایم این اے حمزہ شہباز، اراکین صوبائی اسمبلی رانا ثناء اللہ ،زعیم حسین قادری، معاونین خصوصی عزم الحق، رانا مقبول، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز داخلہ، سکولز ایجوکیشن، ہائیر ایجوکیشن، خزانہ، اوقاف، قانون، اطلاعات اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وضع کردہ سکیورٹی پلان کی موثر مانیٹرنگ اورچیکنگ کی جائے۔تعلیمی اداروں کی بیرونی دیواروں کواونچا کرنے اور وہاں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے ۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ متعلقہ محکموں کے ساتھ ملکرسی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کرے۔

انہوں نے کہا کہ غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات کرنا پڑتے ہیں ۔کابینہ کمیٹی برائے امن وامان تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات اوردیگر اہم امور پر فیصلہ کرنے میں بااختیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کا میں خود روزانہ جائزہ لوں گا۔وضع کردہ سکیورٹی پلان کی مانیٹرنگ کے حوالے سے مجھے روزانہ رپورٹ بھجوائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی فول پروف سکیورٹی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔کابینہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد کرے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گاڑیوں پر جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی جاری رکھی جائے ۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت ایک اور اجلاس میں پنجاب کے اےئر پورٹس پرسکیورٹی انتظامات کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ صوبے کے اےئرپورٹس پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔تمام متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں۔اےئرپورٹس کی سکیورٹی پر مامورادارے اپنے فرائض تندہی اورجانفشانی سے سرانجام دیں۔اجلاس میں وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم ،سیکرٹری ایوی ایشن،ڈی جی رینجرز پنجاب،ڈی جی اےئر پورٹ سکیورٹی فورس،ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی ،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب،سیکرٹری داخلہ اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :