آرمی چیف ،ڈی جی آئی ایس آئی سرکاری زمینوں کی لوٹ مار،کرپشن کی لعنت کی روک تھام کیلئے بھی اقدامات کروائیں، الطاف حسین،

سرکاری زمینوں کوکوڑیوں کے دام خریدنے ،بیچنے والے عناصر کیخلاف سخت سے سخت اقدامات کئے جائیں، ایم کیوایم کے سینیٹرز اورارکان قومی وصوبائی اسمبلی معاملے کوایوانوں میں اٹھائیں، رابطہ کمیٹی سے گفتگو

جمعہ 26 دسمبر 2014 22:51

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف اورآئی ایس آئی کے چیف جنرل رضوان اخترنے اپیل کی ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ سرکاری زمینوں کی لوٹ ماراور کرپشن کی لعنت کی روک تھام کیلئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے یہ اپیل آج رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کے ارکان سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔

الطاف حسین نے کہاکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اورڈی جی آئی ایس آئی جنر رضوان اختر اورپاک فوج کی قیادت ملک کوبچانے کیلئے مذہبی انتہاپسنددہشت گردوں کے خلاف جرات وہمت اوربہادری کے ساتھ جواقدامات کررہی ہے وہ قابل تحسین ہے ۔انہوں نے آرمی چیف اورآئی ایس آئی کے سربراہ سے اپیل کی کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ اگروہ پاکستان خصوصاً کراچی میں قیمتی سرکاری زمینوں کی کوڑیوں کے دام خریدوفروخت اورکرپشن کی لعنت کے خاتمہ کیلئے اقدامات کریں تویہ ملک پراحسان ہوگا کیونکہ جس طرح مذہبی انتہاپسندعناصر ملک کونقصان پہنچارہے ہیں اسی طرح کرپشن کی لعنت بھی ملک کودیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔

(جاری ہے)

لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دہشت گردوں سے سختی سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ سرکاری زمینوں کوکوڑیوں کے دام خریدنے اور بیچنے والے عناصر کے خلاف بھی سخت سے سخت اقدامات کئے جائیں چاوہ کسی بھی منصب پر فائزہوں اورکتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں ۔ ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کیلئے فوری اورخصوصی اقدامات کئے جائیں تاکہ ملک کرپشن کی لعنت سے پاک ہو۔ انہوں نے ایم کیوایم کے سینیٹرز اورارکان قومی وصوبائی اسمبلی سے بھی کہاکہ وہ اس معاملے کوایوانوں میں اٹھائیں۔