سانحہ پشاور میں سینکڑوں معصوم بچوں کا بیدردی سے قتل انسانیت کی تذلیل ہے، بیگم پرویز خٹک،

دنیا کے کسی مذہب یا تہذیب میں ننھے بچوں کے قتل کی اجازت نہیں ،شہید بچوں اور اساتذہ کا خون رنگ لائیگا

جمعہ 26 دسمبر 2014 22:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی اہلیہ مسزعامرہ خٹک نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور میں سینکڑوں معصوم بچوں کا بیدردی سے قتل انسانیت کی تذلیل ہے جس میں مذہب کا کوئی عمل دخل نہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس واقعے نے نہ صرف پوری پاکستانی قوم کو ایک لمبے عرصے کیلئے سوگوار بنا دیا ہے بلکہ دہشت گردی کے اس دلخراش واقعے نے پوری بین الاقوامی برادری کے ضمیر پر بھی گہرا گھاؤ لگا دیا ہے دنیا کے کسی مذہب یا تہذیب میں ننھے بچوں کے قتل کی اجازت نہیں جبکہ حالیہ واقعے میں تعلیم کیلئے سکول گئے ننھے بچوں کا اتنے بربریت اور وحشیانہ انداز میں خون بہایا گیا جسکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہید بچوں اور اساتذہ کا خون رنگ لائے گا جس کے فوری نتائج دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد کی شکل میں سامنے آئے ہیں جبکہ مستقبل میں دہشت وتخریب کاری کے مکمل خاتمے اور پورے خطے میں امن و آشتی کی راہ ہموار ہوگی وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں تقریب میں بیگم گورنر خیبرپختونخوا کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی جبکہ تقریب سے صوبائی وزیر سماجی بہبود ڈاکٹر مہر تاج روغانی، خیبرپختونخوا آفیسرز ویمن ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صدر بیگم محمد خالد عمرزئی، جائنٹ سیکرٹری مسز کلثوم زبیر احمد خان اور دیگر خواتین زعماء نے بھی خطاب کیااور اس سانحہ کے اثرات و نتائج پر روشنی ڈالی بیگم عامرہ خٹک نے اس بات پر اطمینان کااظہار کیا کہ اس سانحے نے ہمارے بہادر بچوں اور ماؤں میں خوف کی بجائے دہشت گردی سے نفرت اور تعلیم سے محبت کا جذبہ مزید اُجاگر کیا انہوں نے امید ظاہر کی کہ سانحہ پشاور کے بعد قوم کے اتفاق رائے سے ہونے والے اقدامات کی بدولت پورے خطے میں دہشت گردی کی نوبت نہیں آئے گی اور نہ ہی کسی کو سکولوں پر حملے اور معصوم بچوں کے قتل کی جرات ہو گی انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے دہشت، تخریب اور جہالت کے اندھیروں کو تعمیر وترقی کی روشنی میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔