سانحہ پشاور، تمام نجی سکولوں کے مالکان نے سکولز یکم جنوری کی بجائے 5 جنوری کو کھولنے کا اعلان کردیا

جمعہ 26 دسمبر 2014 22:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایجوکیشن سٹینڈنگ کمیٹی نے آرمی پبلک سکول اینڈ کالج کے المناک سانحہ پرمعصوم طلباء اور اساتذہ سمیت دیگر سٹاف کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے بچوں کے والدین اور دیگر لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے جبکہ اجلاس میں موجود پشاور کے تمام نجی سکولوں کے مالکان نے آرمی پبلک سکول اینڈ کالج کے طلباء سے اظہار یکجہتی کے طور پر پشاور کے تمام نجی سکولز یکم جنوری کی بجائے 5 جنوری کو کھولنے کا اعلان کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ایجوکیشن سٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کے روز چیمبر ہاؤس میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر فواد اسحق  نائب صدر حاجی اقبال خان  چیف کیپٹل پولیس اعجاز احمد  ایس ایس پی آپریشن نجیب الرحمان  ایجوکیشن سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین محمد صبور سیٹھی  چیئرمین سیکنڈری بورڈ پشاورڈاکٹر محمد شفیع  ایس پی سٹی ڈاکٹر مصطفی اور نجی سکولوں کے مالکان غیور سیٹھی  خواجہ محمد وسیم  ڈاکٹر ذاکر شاہ  ایم ممتاز خان  سید فرید اللہ شاہ  انعام الحق  ایم اسد سیٹھی  ایم کاشف  حماد سیٹھی  طارق سیٹھی  عقیل رزاق  ڈاکٹر حفیظ نیازی  عبدالہادی خان  سجاد احمد  ظفراللہ اسلام  مشتاق حسین شاہ  شکیل سیٹھی  محمد سرفراز خان  اسرار خٹک طاہر ملک اور ڈی ایس پی گل نواز نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا چیمبر کی ا یجوکیشن سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر فوا د اسحق نے سانحہ پشاور پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا اور کہا کہ اس واقعہ نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو افسردہ کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سمیت دیگر سیکورٹی فورسز جس بہادری کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہیں وہ قابل ستائش ہے ۔

انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائے ۔ انہوں نے طلباء اور طالبات کے والدین سے کہا کہ وہ ہمت اور حوصلے سے کام لیں انشاء اللہ تعالیٰ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور ہمارے بچے تعلیم حاصل کرکے ملک اور قوم کا سہارا بنیں گے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں اور پولیس پر زور دیا کہ وہ مل کر سکولوں کی سیکورٹی کے لئے انتظامات کو مزید بہتر بنائیں تاکہ والدین کا اعتماد بحال ہو اور ان کے بچے سکون اور حوصلے کے ساتھ اپنی تعلیم مکمل کریں۔

سی سی پی او اعجاز احمد نے سانحہ آرمی پبلک سکول اینڈ کالج کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کا مستقبل عزیز ہے اور تمام سکولوں کو ہر ممکن سیکورٹی فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ورسک روڈ  دلہ زاک روڈ اور حیات آباد سمیت دیگر علاقوں میں سکولز کے قریب ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے سکول مالکان سے کہا کہ وہ بھی اپنے سکولوں کی سیکورٹی کو مزید بہتر بنائیں ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتے اور انشاء اللہ تعالیٰ ہمارے بچے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے اور اسے پرامن ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایجوکیشن سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین صبور سیٹھی نے ایک متفقہ قرار داد کے ذریعے آرمی پبلک سکول اینڈ کالج کے المناک سانحہ پرمعصوم طلباء اور اساتذہ سمیت دیگر سٹاف کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہارکیا اور بچوں کے والدین اور دیگر لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سیکنڈری بورڈپشاور ڈاکٹرمحمد شفیع نے تجویز پیش کی کہ آرمی پبلک سکول اینڈ کالج 5 جنوری کو کھلے گا لہٰذا تمام نجی سکولز آرمی پبلک سکول اینڈ کالج سے اظہار یکجہتی کے طور پر یکم جنوری کی بجائے 5 جنوری کو سکولز کھولیں۔اجلاس میں ان کی اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے فیصلہ کیاگیا کہ تمام نجی سکولز 5 جنوری کو کھلیں گے اور چیئرمین سیکنڈری بورڈ پشاور اس کا نوٹیفیکیشن جاری کریں گے۔ اجلاس میں سکولز مالکان نے بھی آرمی پبلک سکول اینڈ کالج سانحہ میں طلباء کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا اور لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔ اجلاس میں شہداء کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :