گھوسٹ ملازمین کیخلاف کارروائی خوش آئند ہے،عبد الرزاق،وزیر بلدیات اعلانات پر عمل درآمد کو یقینی بنائے ،نواز عباسی

جمعہ 26 دسمبر 2014 22:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبد الرزاق خان، نائب امراء ضلع محمد نواز عباسی اور محمد عارف خان نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ صوبائی وزیر بلدیات شرجیل میمن کی جانب سے واٹربورڈ اور کے ایم سی میں گھوسٹ ملازمین کے خلاف کارروائی کا اعلان خوش آئند ہے ۔ تمام حکومتی اداروں سے گھوسٹ ملازمین کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

غیر قانونی ہائیڈ رنٹس اور غیر قانونی کنکشنز سے پانی کا پورانظام درہم برہم ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن اعلانات تو بہت کرتے ہیں مگر عمل درآمد نہیں ہوتا جو لمحہ فکریہ ہے اگر اعلانات کے ساتھ ساتھ ان پر عمل درآمد بھی کیا جائے تو اداروں کی حالت بہتر ہو سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دسمبر کے مہینے میں ضلع غربی کے بیشترعلاقوں میں پندرہ اور بیس دن بعد پانی سپلائی کیا جاتا ہے جون جولائی میں کراچی کے عوام کا کیا حال ہوگا ۔

(جاری ہے)

ہائیڈرنٹ مافیا پانی کی سپلائی پر مسلط ہے ان کا خاتمہ اور ان کے خلاف کریک ڈاؤن ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع غربی میں بڑے پیمانے پر پانی کوچوری کرکے فیکٹریوں کو فروخت کیا جا رہا ہے صوبائی وزیر بلدیات اس جانب بھی توجہ دیں اور پانی کی چوری کا روک تھا م کریں۔انہوں نے کہا کہ واٹر پمپنگ اسٹیشنز میں ناکارہ اور پرانے موٹرز لگے ہوئے ہیں جو پریشر نہیں بناتے وزیربلدیات اس کی تبدیلی کے اقدامات کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیر بلدیات سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کے الیکٹرک کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ واٹرپمپنگ اسٹیشنز کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے۔ لوڈشیڈنگ کے باعث کئی علاقے پانی سے محروم رہ جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :