عوامی نیشنل پارٹی سوات نے سوات بورڈ کو چکدرہ بورڈ میں ضم کرنے کامطالبہ مسترد کردیا

جمعہ 26 دسمبر 2014 21:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) عوامی نیشنل پارٹی سوات کے صدر شیر شاہ خان نے سوات بورڈ کو چکدرہ بورڈ میں ضم کرنے کامطالبہ مسترد کرتے ہوئے ایم پی اے بخت بیدار کی تجویز اور مطالبے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بخت بیدار کا مطالبہ زمینی حقائق کے برعکس ہے ،سوات کو ملاکنڈ ڈویژن ہیڈکوارٹر کا اعزاز حاصل ہے ، بخت بیدار تنگ نظری اور تعصب کے عینک اتار کر زمینی حقائق تسلیم کریں ، عوامی نیشنل پارٹی کے دور حکومت میں سوات تعلیمی بورڈ کے اراضی بلڈنگ کیلئے دس کروڑ روپے خرچ کئے گئے کوئی مائی کا لعل سوات بورڈ کی حیثیت ختم نہیں کرسکتا ، ان خیالات کااظہارانہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہاک دیرلوئر سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے اورقومی وطن پارٹی کے رہنما بخت بیدار کو اپنی سیاست چکدرہ تک محدود رکھیں سوات بورڈ کوچکدرہ بورڈ میں ضم کرنے کی باتیں کرنے والے بخت بیدار سوات کے حیثیت کے حوالے سے زمینی حقائق کو مسخ کررہے ہیں ،ہم ان پر واضح کردیناچاہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ملاکنڈ ڈویژن کے صدر مقام کا اعزاز دیا ہے کمشنر ڈی آئی جی اور دیگر اعلیٰ حکام دفاتر سوات میں موجود ہیں سوات ملاکنڈ ڈویژن کا ڈویژن صدر مقام ہے سوات بورڈ کو چکدرہ تعلیمی بورڈ میں ضم کرنے کا مقصد ایک دریا کو نالے کی طرف موڑ نا ہے ، انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے دور حکومت میں سوات تعلیمی بورڈ کیلئے کوکڑئ میں دس کروڑ روپے کے خطیر لاگت سے بلڈنگ تعمیر کیا ہے انہوں نے کہاکہ کوئی مائی کا لعل بھی سوات بورڈ کو چکدرہ بورڈ میں ضم نہیں کرسکتا ، عوامی نیشنل پارٹی کسی کو یہ اجازت نہیں دے گی کہ وہ سوات کے حقوق پر ڈاکہ ڈالے ، انہوں نے کہاکہ بخت بیدار خود کو چکدرہ تک محدود رکھیں سوات کے معاملات میں مداخلت سے باز رہیں۔

متعلقہ عنوان :