وزیراعلیٰ پنجاب سے سینئر صحافیوں،کالم نگاروں اور اینکر پرسنزکی ملاقات ، شہیدبچوں اور اساتذہ کی بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا،

غیر معمولی حالات میں غیر معمولی فیصلے کرنا پڑتے ہیں، قومی قیادت کانیشنل ایکشن پلان پر اتفاق تاریخی اقدام ہے،شہداء کے خون کے طفیل پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے،دہشت گردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کا وقت آن پہنچا ہے،قوم کی تائید و حمایت سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے چیلنجز سے نمٹا جائے گا ، نئی نسلوں کو محفوظ اور پرامن پاکستان دیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا صحافی کالونی لاہور میں یوٹیلٹی سٹور اور سینٹر آف ایکسی لینس کے قیام کا اعلان، دیگر مسائل کے حل کیلئے کمیٹی قائم

جمعہ 26 دسمبر 2014 21:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور کے سکول میں معصوم بچوں کو سفاک درندوں نے بدترین بربریت کا نشانہ بنایا جو دنیا کی تاریخ میں دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہے۔ معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت نے پاکستان سمیت دنیابھر کر کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ شہداء کے خون کے طفیل پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہو چکی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن اور موثر اقدامات کا وقت آن پہنچا ہے۔

نیشنل ایکشن پلان پر اتفاق رائے قومی سیاسی قیادت کا تاریخی اقدام ہے۔ سیاسی، مذہبی اور فوجی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کو اتفاق رائے سے منظور کیا ہے جو کہ انتہائی خوش آئند اور پاکستان کی سیاسی تاریخ کا اہم اقدام ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار سینئر صحافیوں، دانشوروں، کالم نگاروں اور اینکر پرسنز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقا ت کی۔

اس موقع پر سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں اور اساتذہ کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کیا جائے گا اور نئی نسلوں کو محفوظ اور پرامن پاکستان دے کر جائیں گے۔ قوم کی تائید و حمایت سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے چیلنج سے نمٹیں گے۔

اچھے اور برے دہشت گردوں کی تمیز کئے بغیر سب کے خلاف یکساں موثر کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ غیر معمولی حالات میں غیر معمولی فیصلے اور اقدامات کرنا پڑتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج قومی قیادت ایک پیج پر آ چکی ہے اور قومی قیادت کی طرف سے کئے جانے والے فیصلوں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا نام و نشان مٹا کر وطن کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

یہ جنگ پاکستان کی آئندہ نسلوں کی بقاء کی جنگ ہے اور انشاء اللہ اس جنگ میں پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام سرخرو ہوں گے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کا کردار بھی موجودہ حالات میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ قوم میڈیا سے بجا طور پر یہ توقع رکھتی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی مفادات کے تحفظ کیلئے مثبت کردار جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کے جائز مسائل پہلے بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے اور آئندہ بھی کریں گے۔وزیراعلیٰ نے صحافی کالونی لاہور میں یوٹیلٹی سٹور اور سینٹر آف ایکسی لینس کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ صحافیوں کے دیگر مطالبات کے حل کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کمیٹی میں وزیر تعلیم رانا مشہود احمد، ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن، پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ، سینئر صحافی و تجزیہ نگار سلمان غنی اور اینکر پرسن نجم ولی شامل ہوں گے۔

کمیٹی صحافی برادری کو لیپ ٹاپ کی فراہمی، موٹر سائیکلوں کی خریداری کیلئے آسان شرائط پر قرضے دینے، صحافی کالونی لاہور فیز ٹو اور میڈیکل ہیلتھ کارڈ کے اجراء کے حوالے سے امور کا جائزہ لے گی۔اس موقع پر معاون خصوصی عزم الحق، ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات رانا محمد ارشد، سیکرٹری اطلاعات مومن آغا، پریس سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شعیب بن عزیز اور ڈی جی پی آر اطہر علی خان بھی موجود تھے۔

ملاقات کرنے والوں میں سینئر تجزیہ نگار سلمان غنی، خادم حسین، نوید چوہدری، عابد تہامی، صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ رانا محمد عظیم، نجم ولی، میاں حبیب اللہ، نعیم مصطفی، صدر الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن عاصم نصیر، ظہیر بابر، محمد اسلم، امجد عثمانی، زاہد عابد اور صائمہ نواز شامل تھیں۔